نجی ٹی وی چینل جیو نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ بیرسٹر محمد علی سیف نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بیرسٹر سیف اور عمران خان کی ملاقات گزشتہ رات اڈیالہ جیل میں ہوئی، جس کے دوران پی ٹی آئی سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ملاقات میں بیرسٹر محمد علی سیف نے بانی پی ٹی آئی کو پارٹی اور دیگر معاملات سے متعلق بریفنگ دی، نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات کے دوران عمران خان کی صحت سے متعلق بھی گفتگو ہوئی اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے عمران خان کو نجی ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے ان کی صحت کا جائزہ لینے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا،عدالت کی اجازت کے بعد عمران خان کی بہن نورین نیازی نے بھی گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کی تھی۔
نورین نیازی کی ملاقات
گزشتہ روز عدالتی حکم پر نورین نیازی اور عمران خان کی ملاقات کانفرنس روم میں ہوئی، جس میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی،نورین نیازی نے عمران خان کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا،ملاقات تقریباً 45 منٹ تک جاری رہی ،ملاقات کے بعد نورین نیازی ڈاہگل ناکے پہنچیں، تاہم انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرنے سے گریز کیا۔