پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہوم سیزن کا شیڈول سامنے آگیا ہے جس کے تحت رواں سال اکتوبر اور نومبر میں پاکستان میں سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔ دونوں مہمان ٹیموں کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کے مقابلے ہوں گے جبکہ پاکستان سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ہوم انٹرنیشنل سیزن 9 اکتوبر سے 21 نومبر 2026 تک جاری رہے گا جس دوران راولپنڈی، لاہور اور اسلام آباد میں کرکٹ کے میچز ہوں گے۔
سری لنکا کا دورہ 4 اکتوبر سے شروع ہوگا
سری لنکا کی ٹیم 4 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی اور دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔
تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
اس سیریز کے بعد انگلینڈ کی ٹیم بھی پاکستان پہنچے گی جس کے بعد تینوں ممالک کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کا آغاز ہوگا۔
تین ملکی ون ڈے سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق ٹرائی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے مقابلے سے ہوگا، جبکہ 20 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔
اس کے بعد مقابلے لاہور منتقل ہوں گے جہاں 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا جبکہ 29 اکتوبر کو سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان میچ ہوگا۔
ٹرائی سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
سری لنکا کا تین روزہ میچ بھی ہوگا
ون ڈے ٹرائی سیریز کے بعد سری لنکا کی ٹیم پاکستان میں قیام جاری رکھے گی۔ مہمان ٹیم 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد میں تین روزہ میچ کھیلے گی۔
اس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہوگا۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اہم میچز
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہوں گے۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔
شائقین کیلئے کئی بڑے مقابلے
پاکستانی شائقین کے لیے یہ ہوم سیزن خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ایک ہی عرصے میں انہیں سری لنکا اور انگلینڈ جیسی بڑی ٹیموں کو پاکستان میں کھیلتے دیکھنے کا موقع ملے گا۔
ون ڈے ٹرائی سیریز آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاری کے حوالے سے بھی اہم قرار دی جارہی ہے جبکہ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سفر میں اہمیت رکھتے ہیں۔
یوں اکتوبر اور نومبر میں پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کا بھرپور ایکشن دیکھنے کو ملے گا جس کا اختتام 21 نومبر کو لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کے دوسرے ٹیسٹ کے ساتھ ہوگ