واٹس ایپ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نئےاے آئی پاورڈ فوٹو ایڈیٹنگ فیچر پر کام کر رہا ہے، جس کی مدد سے صارفین تصاویر کو اصل حصے کاٹے بغیر 9:16 فارمیٹ میں تبدیل کرسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق میٹا اے آئی تصویر کے کناروں پر اضافی مواد خود تیار کرے گا، جس سے تصویر عمودی 9:16 فریم میں فٹ ہوجائے گی اور اصل تصویر کا اہم حصہ کراپ نہیں ہوگا۔ یہ فیچر واٹس ایپ کے موجودہ ڈرائنگ ایڈیٹرکا حصہ ہوگا، یعنی صارفین کو تصویر ایڈٹ کرنے کے لیے کسی دوسری ایپ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
یہ فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.33.2 میں دیکھا گیا ہے۔ صارفین تصویر کو ایڈیٹر میں کھولنے کے بعد فلٹرز کے حصے میں موجود نئے آپشن کے ذریعے تصویر کو ایکسپینڈ کرسکیں گے۔
آپشن منتخب کرنے کے بعدمیٹا اے آئی تصویر کا تجزیہ کرے گا اور اس کے کناروں پر نیا مواد شامل کرکے اسے 9:16 فارمیٹ میں تبدیل کردے گا۔ چند سیکنڈ بعد تیار ہونے والی تصویر صارف کے سامنے پیش کردی جائے گی، جسے وہ شیئر بھی کرسکیں گے یا نتیجہ پسند نہ آنے کی صورت میں دوبارہ کوشش کرسکیں گے۔
واٹس ایپ اسٹیٹس کے لیے کیوں اہم؟
9:16 فارمیٹ موبائل پر فل اسکرین عمودی تصاویر اور ویڈیوز کے لیے عام طور پر استعمال ہوتا ہے اور واٹس ایپ اسٹیٹس کے لیے بھی یہی فارمیٹ زیادہ موزوں ہے۔ اس وقت مربع یا افقی تصاویر اسٹیٹس پر شیئر کرنے کی صورت میں اوپر اور نیچے خالی جگہ چھوڑ سکتی ہیں۔ پوری اسکرین پر تصویر دکھانے کے لیے اکثر اسے کراپ کرنا پڑتا ہے، جس سے تصویر کے اہم حصے بھی کٹ سکتے ہیں۔
نیا اےآئی فیچر تصویر کو کاٹنے کے بجائے اس کے اطراف میں نیا مواد شامل کرکے اس مسئلے کو حل کرے گا۔
واٹس ایپ فی الحال اس فیچر کو چیٹس اور اسٹیٹس دونوں کے لیے تیار کر رہا ہے، تاہم ممکن ہے کہ اسے پہلے اسٹیٹس کے لیے متعارف کرایا جائے اور بعد میں چیٹس تک توسیع دی جائے۔
فی الحال یہ فیچر ترقی کے مرحلے میں ہے اور بیٹا ٹیسٹرز کے لیے بھی دستیاب نہیں۔ واٹس ایپ نے اس کی عوامی ریلیز کی تاریخ یا یہ بھی واضح نہیں کیا کہ لانچ کے وقت کن ممالک میں یہ فیچر دستیاب ہوگا۔