پاکستانی نوجوان کا بڑا اعزاز، موبائل ریڈیو براڈکاسٹنگ کی دنیا میں تاریخ رقم کردی

پاکستانی نوجوان کا بڑا اعزاز، موبائل ریڈیو براڈکاسٹنگ کی دنیا میں تاریخ رقم کردی

پاکستانی طالب علم معظم خان نے موبائل اور سیلولر ٹیکنالوجی کی دنیا میں شاندار پیش رفت کرتے ہوئے ‘ایف سی زیڈ کاسٹر’ نامی اینڈرائیڈ ایپ تیار کر لی ہے، جس نے اسمارٹ فون کو ایک مکمل پورٹیبل ویب ریڈیو اسٹوڈیو میں تبدیل کر دیا ہے۔

ایشیا کے اس پہلے پاکستانی طالب علم کی تیار کردہ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اب کوئی بھی ریڈیو جاکی یا براڈکاسٹر بغیر کسی کمپیوٹر اور روایتی اسٹوڈیو کے صرف اپنے موبائل فون سے لائیو پروگرام آن ایئر کر سکتا ہے۔

اس ایجاد نے مقامی سطح پر ریڈیو ٹیکنالوجی اور پاکستانی نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی افق پر نمایاں کر دیا ہے۔

جدید فیچرز اور فنکشنلٹی

‘ایف سی زیڈ کاسٹر’ کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس نے کمپیوٹر پر مبنی ویب ریڈیو کے تمام ضروری اور پیچیدہ فیچرز کو ایک انتہائی آسان اور پورٹیبل موبائل ایپلی کیشن کے اندر یکجا کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چین، پاکستان تعاون کے تحت لبان ورکشاپ میں پاکستانی نوجوان کا کارنامہ

اس ایپ کے ذریعے صارف مائیکروفون کی مدد سے اپنی براہِ راست آواز نشر کر سکتا ہے، پس منظر میں موسیقی مکس کر سکتا ہے اور آئس کاسٹ نیز شاؤٹ کاسٹ جیسے معروف سرورز پر براہِ راست اسٹریمنگ کر سکتا ہے۔

مزید برآں، اس میں ایک دعوتی لنک کے ذریعے مہمان کو کہیں سے بھی لائیو شو میں شامل کرنے کی خصوصیت بھی شامل کی گئی ہے۔

روایتی سسٹمز اور غیر ملکی ایپس کا خاتمہ

اس پیش رفت سے قبل ویب ریڈیو براڈکاسٹنگ کا تمام تر انحصار سنگین حد تک کمپیوٹر بیسڈ سافٹ ویئرز پر تھا، جن میں سیم براڈکاسٹر اور راکٹ براڈکاسٹر جیسے نام سرِفہرست تھے۔

موبائل سے براڈکاسٹنگ کی محدود سہولیات کے لیے بھی پاکستانی صارفین کو زیادہ تر غیر ملکی ایپلی کیشنز پر ہی انحصار کرنا پڑتا تھا۔ ان سافٹ ویئرز اور ایپس کو چلانے کے لیے بھاری سیٹ اپ اور مخصوص جگہ کی ضرورت ہوتی تھی، جس سے آزاد براڈکاسٹرز کی نقل و حرکت اور کارکردگی متاثر ہوتی تھی۔

ریڈیو کی دنیا میں آزادی اور ٹیکنالوجی کی خودمختاری

معظم خان کا یہ اقدام محض ایک موبائل ایپلی کیشن کا قیام نہیں، بلکہ پاکستان میں ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ کی خودمختاری کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

اس ایپ نے روایتی، بھاری بھرکم اور پرانے کمپیوٹر سیٹ اپ کی قید کو ختم کرتے ہوئے ریڈیو براڈکاسٹنگ کو مکمل آزادی فراہم کی ہے۔ اب ایک براڈکاسٹر اپنے گھر، دفتر، سفر یا کسی بھی دور دراز مقام سے اعلیٰ معیار کا ریڈیو شو چلا سکتا ہے، جس سے ‘موبائل صحافت’ اور ‘آزاد ریڈیو’ کا نیا دور شروع ہوگا۔

مزید پڑھیں:کرپٹو اور ورچوئل اثاثہ جات، پاکستان میں 10 مختلف کیٹیگریز میں لائسنسنگ کے اجرا کا تاریخی اعلان

معاشی اور فنی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو اس ایپ نے ریڈیو اسٹوڈیو قائم کرنے کی لاگت کو تقریباً صفر کر دیا ہے۔ نوآموز براڈکاسٹرز اور طالب علم جو مہنگے سسٹمز خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے، اب صرف ایک اسمارٹ فون کی مدد سے اپنا کام شروع کر سکتے ہیں۔

اگر اس نوعیت کے مقامی سافٹ ویئر اور ٹیکنالوجی کو سرکاری و نجی سطح پر سرپرستی حاصل ہو جائے، تو پاکستان سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے میدان میں خطے کا پیش رو بن سکتا ہے۔

Related Articles