پنجاب کے شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے بڑی خوشخبری سامنے آگئی۔ صوبے بھر میں لائسنس کے اجرا کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور گزشتہ صرف 3 ہفتوں کے دوران 4 لاکھ 42 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جارہی ہے، جبکہ آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت بھی شہریوں کی مشکلات کم کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق تین ہفتوں میں ایک لاکھ 49 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس حاصل کیے، جبکہ ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد شہریوں کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
اسی دوران ایک لاکھ 46 ہزار شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔ ایک ہزار سے زائد شہریوں کو گمشدہ لائسنس دوبارہ جاری کیے گئے جبکہ 3 ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی فراہم کیے گئے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق 73 ہزار سے زائد شہری آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت سے مستفید ہوئے، جس سے شہریوں کو لائسنس سے متعلق خدمات کے حصول میں آسانی ہوئی۔
حکام کے مطابق لائسنسنگ کے نظام کو مزید آسان اور شہری دوست بنانے کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، تاکہ شہریوں کو غیر ضروری انتظار اور دفاتر کے بار بار چکر نہ لگانے پڑیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے، تاہم ٹریفک پولیس کا مقصد صرف کارروائی کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو قانونی طریقے سے لائسنس حاصل کرنے کی سہولت اور آگاہی فراہم کرنا بھی ہے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے سے قبل باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس ضرور حاصل کریں۔
ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں یہ نمایاں اضافہ پنجاب کے شہریوں کے لیے اس لحاظ سے خوش آئند ہے کہ لائسنسنگ کا عمل تیز ہونے کے ساتھ ساتھ آن لائن سہولیات بھی دستیاب ہیں، جس سے شہریوں کے لیے قانونی تقاضے پورے کرنا پہلے کے مقابلے میں آسان بن رہا ہے۔