گیلپ پاکستان ڈیجیٹل اینالیٹکس کے نمایاں کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان میں مردوں اور خواتین میں سگریٹ نوشی کے رجحان میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2014 سے 2024 کے دوران پاکستانی مردوں میں سگریٹ نوشی کی شرح 22.2 فیصد سے کم ہوکر 15.8 فیصد رہ گئی، جو مجموعی طور پر تقریباً 29 فیصد کمی ہے۔ دوسری جانب اسی عرصے میں خواتین میں سگریٹ نوشی کی شرح 2.1 فیصد سے بڑھ کر 3.3 فیصد ہوگئی، جو تقریباً 57 فیصد اضافے کے برابر ہے۔
اگرچہ خواتین میں سگریٹ نوشی کی شرح اب بھی مردوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے، تاہم اعداد و شمار کے مطابق خواتین واحد گروپ ہیں جہاں گزشتہ 10 برس کے دوران سگریٹ نوشی میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ گیلپ پاکستان کے مطابق یہ اعداد و شمار 2014 سے 2024 کے دوران سگریٹ نوشی کے رجحانات میں آنے والی تبدیلیوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔