کوک اسٹوڈیو نے پاکستان میں موسیقی اور ثقافت کی جدید لہر کو پروان چڑھانے کے لیے اپنے نئے میوزک پلیٹ فارم ’نیو ویوو‘ کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ستمبر سے شروع ہونے والے اس منصوبے کے تحت معروف اور ابھرتے ہوئے گلوکاروں کے اشتراک سے 6 نئے گانے جاری کیے جائیں گے، جن کا مقصد جدید دور کے تخلیق کاروں کو آزادانہ ماحول فراہم کرنا ہے۔
اس پلیٹ فارم کی سربراہی یوارڈ یافتہ فلم میکر کمال خان کررہے ہیں اور یہ پلیٹ فارم روایتی انداز کے بجائے ہوم اسٹوڈیوز اور بیڈ روم میوزک کلچر کی ترجمانی کرے گا۔
’نیوویوو‘ کے پہلے ایڈیشن میں عاصم اظہر، حسن رحیم، شے گل، ینگ اسٹڈنٹ، مانو، آرین ایس ڈی کیو، افیوزک، عز چغتائی، سباط باطین اور زوہا وسیم جیسے ابھرتے اور معروف نام شامل ہیں۔
اس پروجیکٹ کے تحت ‘ماہیا’، ‘دل’، ‘رنگین’، ‘قسم’، ‘شبنم’ اور ‘اے دیوانِ دل’ جیسے 6 گانے جاری کیے جائیں گے ، جن کی موسیقی عبداللہ کاسمبی، علی سومرو، جوکھے، روالیو، طلال قریشی اور عمیر جیسے پروڈیوسرز نے ترتیب دی ہے۔
کمال خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد فنکاروں کو ان کے اپنے انداز میں کام کرنے کی مکمل آزادی دینا ہے، آن لائن پورٹل کے ذریعے بھی تخلیق کاروں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کیلئے ’نیو ویوو پورٹل‘ قائم کیا گیا، جہاں ملک بھر سے ہزاروں گلوکاروں، رقاصوں اور دیگر فنکاروں نے اپنی تحریریں اور فن جمع کرایا۔
اس عمل کے ذریعے شارٹ لسٹ کیے گئے باصلاحیت فنکاروں کو نہ صرف اس پروجیکٹ کا حصہ بنایا گیا بلکہ مستقبل کے لیے بھی ایک بہترین ‘کریئیٹو پول’ تیار کیا گیا۔
دی کوکا کولا کمپنی کے جنرل مینیجر (پاکستان و افغانستان) سمیع وحید کا کہنا ہے کہ کوک اسٹوڈیو پچھلے 15 سیزنز اور تقریباً 350 گانوں کے ساتھ گزشتہ 2 دہائیوں سے پاکستان کی ثقافتی شناخت کا اہم حصہ رہا ہے اور 180 سے زیادہ ممالک میں پسند کیا گیا ہے۔
یہ پلیٹ فارم اسی سفر کا اگلا باب ہے جو روایتی ہاؤس بینڈ کے بجائے لپ ٹاپ، ڈیجیٹل اسٹوڈیوز اور جدید دور کی آزاد موسیقی کا رخ بدل دے گا ۔