مہنگائی کا نیا طوفان ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں نے عوام کی کمر توڑ دی

مہنگائی کا نیا طوفان ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں نے عوام کی کمر توڑ دی

لاہور میں مہنگائی کا جن پھر بے قابو ،  آٹا، گھی، کوکنگ آئل، دالیں، چاول، سبزیاں، پھل اور دودھ سمیت بیشتر اشیائے خورونوش مہنگے داموں فروخت ہونے سے عام شہری پریشان ہیں، جبکہ سرکاری نرخ اور بازار کی قیمتوں میں واضح فرق بھی سامنے آ رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور  میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 2100 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ درجہ اول کوکنگ آئل اور گھی کی قیمت 615 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

اسی طرح چاول بھی 450 روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں جس سے شہری خاصے پریشان نظر آتے ہیں۔

روٹی اور دودھ بھی سرکاری نرخ سے مہنگے

مہنگائی کا اثر روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا پر بھی نظر آ رہا ہے جہاں  14 روپے سرکاری نرخ والی روٹی 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے جبکہ دودھ کی سرکاری قیمت 170 روپے کے بجائے 210 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

اسی طرح دہی بھی سرکاری قیمت سے زائد 230 روپے فی کلو میں دستیاب ہے ، شہریوں کے لیے ناشتے اور روزمرہ خوراک کی یہ بنیادی اشیا بھی اب اضافی اخراجات کا سبب بن رہی ہیں۔

سبزی، پھل اور گوشت کی قیمتیں بھی آسمان پر

دوسری جانب بازاروں میں سبزی اور پھل بھی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق دستیاب نہیں ، گوشت کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :عالمی غذائی مہنگائی کا خدشہ، پاکستان کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی، اسٹیٹ بینک نے خبردار کردیا

800 روپے سرکاری قیمت والا بیف 1500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ 1600 روپے فی کلو کے سرکاری نرخ والا مٹن 3000 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

 لاہور میں مہنگائی نے عام شہری کے لیے روزمرہ خریداری کو مزید مشکل بنا دیا ہے اور اشیائے ضروریہ کے اس  فرق نے گھریلو بجٹ کو بھی متاثر کیا ہے، جبکہ شہری سراپا احتجاج ہیں کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو کب پایا جائے گا؟

editor

Related Articles