معروف پاکستانی اداکار اور میزبان عمران اشرف نے اپنے انتقال سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی جعلی خبر کی تردید کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں عمران اشرف کے انتقال کی خبردی گئی ، بعدازاں جعلی ویڈیو کے باعث اداکار کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جس کے بعد عمران اشرف کو خود سامنے آ کر وضاحت کرنا پڑی۔
اداکار عمران اشرف نے سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام پر اپنی پوسٹ میں مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ الحمدللّٰہ! میں بالکل ٹھیک ہوں، یہ جعلی خبر ہے، آپ سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔
وائرل ہونے والی جعلی ویڈیو ایک ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی، جہاں اسی نوعیت کی مزید ویڈیوز بھی موجود تھیں، ان ویڈیوز میں سینئر صحافیوں، کرکٹرز اور اداکاروں کو عمران اشرف کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔
اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو میں نیوز کاسٹر کو عمران اشرف کے انتقال کی خبر بریک کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا، جبکہ دعویٰ کیا گیا کہ اداکار کی موت ہارٹ اٹیک سے ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ عمران اشرف پہلے پاکستانی فنکار نہیں جنہیں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی خبروں کا نشانہ بنایا گیا ہو، رواں برس جون میں گلوکارہ طاہرہ سید نے بھی انٹرنیٹ پر اپنے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد وضاحت کی تھی کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں اور لوگوں سے غیر مصدقہ خبریں شیئر نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔
اسی طرح گزشتہ ماہ اداکار و میزبان توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے بھی اپنی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی جعلی ویڈیو اور خبروں پر ردِعمل دیتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا تھا۔