محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر راولپنڈی اور اسلام آباد کے ندی نالوں، خصوصاً نالہ لئی میں طغیانی کا خطرہ ہے، جبکہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
آج صبح جڑواں شہروں میں بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی، بارش کے پیش نظر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش متوقع ہے، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، فیصل آباد اور ملتان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع، جن میں پشاور، مردان، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہاٹ اور ڈی آئی خان شامل ہیں، میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے مری، گلیات، خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسلا دھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے، جس سے آمدورفت کے راستے متاثر ہوسکتے ہیں۔
سندھ اور بلوچستان میں موسم کیسا رہے گا؟
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم ژوب، خضدار، موسیٰ خیل اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات اور اتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے جبکہ پہاڑی اور نشیبی علاقوں میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔