شام کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا تاریخی دورہ،دوطرفہ تعلقات میں نئے باب کا آغاز

شام کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا تاریخی دورہ،دوطرفہ تعلقات میں نئے باب کا آغاز

شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کا پاکستان کا اہم دورہ مکمل ہوگیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی اور سکیورٹی تعاون کے نئے دور کی بنیاد قرار دیا جا رہا ہے،شامی خبر رساں ادارے سریا عرب نیوز ایجنسی کے مطابق یہ 19 سال بعد کسی شامی وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔

اسعد حسن الشیبانی گزشتہ بدھ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے، جہاں انہوں نے پاکستانی قیادت اور اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر حکام سے ملاقاتیں ہوئیں۔

سیاسی تعاون پر اتفاق

مذاکرات میں پاکستان اور شام کے درمیان سیاسی، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیادونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی روابط مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

شام کے مؤقف کی حمایت

پاکستان نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا،پاکستان نے مقبوضہ گولان کے معاملے پر بھی شام کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے ادلب کے ابو الظہور ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی اور انہیں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔

براہ راست پروازوں پر بات چیت

دورے کے دوران دونوں ممالک کے عوامی اور تجارتی روابط بڑھانے کے لیے پاکستان اور شام کے درمیان براہ راست پروازیں بحال کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے شامی وزیرِ خارجہ اسعد حسن الشیبانی کی ملاقات ، دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق

سرمایہ کاری فورم کی تجویز

مذاکرات میں دمشق یا اسلام آباد میں سرمایہ کاری فورم منعقد کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

علاقائی صورتحال بھی زیر بحث

شامی وزیر خارجہ نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو علاقائی استحکام کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا ملاقاتوں میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے ممکنہ کردار پر بھی بات ہوئی۔

شامی مشیر محمد الجفال کے مطابق اسعد حسن الشیبانی کا دورہ ایسے حساس وقت میں ہوا ہے جب دمشق اور اسلام آباد اپنے تعلقات کو مزید تعاون اور شراکت داری کی سمت لے جانے کے خواہاں ہیں،شامی وزیر خارجہ نے پاکستان اور اس کے علاقائی کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

Related Articles