سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس مشکل اور غم کی گھڑی میں سعودی عرب پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور پاکستانی عوام کے لیے امن، سلامتی اور استحکام کی دعا کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور مشکل وقت میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ بدھ کی صبح اسلام آباد کے پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق نرسری میں صبح تقریباً 6 بج کر 45 منٹ پر آگ لگی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ ائیرکنڈیشنر کے کمپریسر میں خرابی کے باعث بھڑکی۔
اسپتال حکام کے مطابق واقعے کے وقت نرسری میں 15 نومولود بچے موجود تھے۔ آتشزدگی کے دوران ایک لیڈی ڈاکٹر ایک بچے کو محفوظ نکالنے میں کامیاب ہوگئی تاہم 14 نومولود بچوں کو نہ بچایا جاسکا۔
واقعے کے بعد جاں بحق بچوں کی میتیں ورثا کے حوالے کردی گئی تھیں۔ بعض لواحقین نے بچوں کی شناخت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے تعزیت کا اظہار ایسے وقت سامنے آیا ہے جب متاثرہ خاندان اپنے بچوں کی ہلاکت پر شدید صدمے سے دوچار ہیں اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں۔