پمز اسپتال واقعہ پر وزیر اعظم نے اسلام آباد میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

پمز اسپتال واقعہ پر وزیر اعظم نے اسلام آباد میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی اور 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ہنگامی اجلاس میں وزارت صحت پمز ہسپتال کی انتظامیہ ضلعی انتظامیہ پولیس فائر بریگیڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام کو طلب کیا گیا ہے اجلاس میں پمز نرسری میں پیش آنے والے واقعے آتشزدگی کی وجوہات امدادی کارروائیوں اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کا پہلے ہی نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے رکھا ہے وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ آتشزدگی کے محرکات کا تعین کیا جائے اور واقعے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کے ذمہ داران کا تعین کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو بھی فوری اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ پمز ہسپتال پہنچ کر صورتحال کا خود جائزہ لیں اور وزیراعظم کو واقعے اور ہسپتال میں جاری اقدامات کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے پمز اسپتال واقعہ کی بڑی وجہ بتا دی

ہنگامی اجلاس میں اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ نرسری میں آگ کیسے لگی آگ کتنی تیزی سے پھیلی فائر سیفٹی کے انتظامات کس حد تک مؤثر تھے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کیا اقدامات کیے گئے۔

وزیراعظم نے جاں بحق بچوں کے والدین اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نومولود بچوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ تلافی سانحہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات کے ذریعے اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے اور غفلت ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ابتدائی طور پر بتایا ہے کہ چلڈرن وارڈ میں آکسیجن کی موجودگی کے باعث آگ تیزی سے پھیلی اور قابو سے باہر ہوگئی ان کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جبکہ جاں بحق بچوں کی شناخت کے لیے بچوں اور ان کے والدین کے ڈی این اے نمونے لینے کا عمل بھی کیا جائے گا۔

وزیراعظم کی جانب سے طلب کیے گئے ہنگامی اجلاس میں اب واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر آئندہ کے لائحہ عمل اور ذمہ داری کے تعین کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں

Qaisar Mirza
editor

Related Articles