فائر ٹیبلٹس کا دور ختم؟ ایمازون نے متبادل ڈیوائسز پیش کر دیں

فائر ٹیبلٹس کا دور ختم؟ ایمازون نے متبادل ڈیوائسز پیش کر دیں

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایمازون نے اپنی فائر ٹیبلٹس سیریز کی تیاری روکنے اور اس کی جگہ نئے الیکسا ٹیبلٹس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ نئے ٹیبلٹس روایتی فائر او ایس کے بجائے مین اسٹریم اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر چلیں گے، جبکہ صارفین کو گوگل پلے اسٹور تک بھی رسائی حاصل ہوگی۔

کمپنی کے مطابق فائر ٹیبلٹس کی نئی یونٹس کی تیاری روک دی گئی ہے، تاہم موجودہ اسٹاک فروخت ہونے تک یہ ڈیوائسز دستیاب رہیں گی۔ ایمازون نے یہ بھی بتایا ہے کہ آخری فائر ٹیبلٹس کی ترسیل کے بعد انہیں مزید4 سال تک سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔

فائر ٹیبلٹس کیوں بند کیے جا رہے ہیں؟

ایمازون کے کنزیومر الیکٹرانکس کے سربراہ پینوس پانے نے بلومبرگ سے گفتگو میں کہا کہ فائر ٹیبلٹس صارفین کی توقعات اور ضروریات پر پورا نہیں اتر رہے تھے، جس کے باعث کمپنی نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:اے آئی نے انٹرنیٹ کی پابندیاں توڑ دیں، انتھروپک نے لائیو انٹرنیٹ بند کر دیا

نئے الیکسا ٹیبلٹس کی قیمتیں کیا ہوں گی؟

ایمازون نے ابتدائی طور پر الیکسا ٹیبلٹس کے تین ماڈلز متعارف کرائے ہیں، جن کی قیمتیں درج ذیل ہیں: الیکسا ٹیبلٹ 8: 229.99 ڈالر سے شروع ،الیکسا ٹیبلٹ 11: 329.99 ڈالر سے شروع ،الیکسا ٹیبلٹ 12 پرو: 499.99 ڈالر سے شروع

کمپنی الیکسا ٹیبلٹ 12 پرو کا ایک خصوصی نینومیٹ ورژن بھی پیش کرے گی، جس میں اسکرین پر روشنی کے انعکاس کو کم کرنے والی تہہ موجود ہوگی۔ اس ماڈل کی ابتدائی قیمت 549.99 ڈالر رکھی گئی ہے۔

گوگل پلے اسٹور تک رسائی سب سے بڑی تبدیلی

فائر ٹیبلٹس بھی اینڈرائیڈ کی بنیاد پر تیار کردہ فائر او ایس استعمال کرتے تھے، لیکن نئے الیکسا ٹیبلٹس میں ایمازون کا مخصوص آپریٹنگ سسٹم استعمال نہیں ہوگا۔ اس کے بجائے یہ ڈیوائسز مین اسٹریم اینڈرائیڈ پر چلیں گی اور صارفین گوگل پلے اسٹور کے ذریعے ایپس ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔

نئے ٹیبلٹس کے 11 اور 12 پرو ماڈلز میں بڑے ڈسپلے اور ایلومینیم باڈی بھی دی گئی ہے، جبکہ ان کی قیمتیں فائر سیریز کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی اب نسبتاً مہنگی اور پریمیم ڈیوائسز پر توجہ دینا چاہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اوپن اے آئی میں کیا ہوا؟ 3سیفٹی محققین کی برطرفی پر نیا تنازع

نئے ٹیبلٹس کب دستیاب ہوں گے؟

ایمازون کے مطابق نئے الیکسا ٹیبلٹس کی ترسیل 14 اکتوبر سے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں شروع ہوگی۔ کمپنی نے یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ رواں موسم خزاں میں مزید ہارڈویئر مصنوعات متعارف کرائی جا سکتی ہیں، تاہم فی الحال ایمازون برانڈ کے تحت لیپ ٹاپ تیار کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔

فائر ٹیبلٹس سے الیکسا ٹیبلٹس کی طرف منتقلی ایمازون کی ہارڈویئر حکمت عملی میں ایک اہم تبدیلی ہے۔ گوگل پلے اسٹور تک رسائی، نئے ڈیزائن اور زیادہ قیمتوں کے ذریعے کمپنی صارفین کو وسیع تر ایپ ایکو سسٹم فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

editor

Related Articles