خیبرپختونخوا کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پشاور ریجن کی ایس ڈبلیو اے ٹی ٹیم نے میراکچوڑی کے علاقے قبرستان مہر گل کلے میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج جماعت الاحرار جمروز گروپ سے وابستہ 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی مصدقہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، جبکہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن کی لاشیں تحویل میں لے لی گئی ہیں، جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا تاکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
سرچ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں، ایک پستول، ایک ہینڈ گرینیڈ، 7 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کیے گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے اور گولہ بارود کو مزید تفتیش اور فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ایک ہلاک دہشت گرد کی جیب سے افغان مہاجر کارڈ بھی برآمد ہوا، جس کے مطابق اس کی شناخت سید ولی ولد عبدالغنی، سکنہ ننگرہار، افغانستان کے نام سے ہوئی۔
حکام کے مطابق مذکورہ شناختی دستاویز کی بنیاد پر ہلاک دہشت گرد کا تعلق افغانستان سے بتایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس سے قبل انٹیلیجنس ایجنسیز کی جانب سے ایک تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ افغانستان سے ضلع خیبر کے راستے 3 خودکش حملہ آور پاکستان میں داخل ہوئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دستیاب شواہد کی روشنی میں ہلاک ہونے والا سید ولی ان خودکش حملہ آوروں میں سے ایک ہو سکتا ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے اسلحے اور گولہ بارود کو فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔