معروف پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ کی حالیہ پوسٹ نے جہاں مداحوں کو حیران کردیا وہیں سوشل میڈیا پر مختلف سوالات بھی اٹھ گئے ۔
تفصیلات کے مطابق آئمہ بیگ نے حال ہی میں ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں وہ سیاہ لباس میں ملبوس نظر آئیں ، گلوکارہ نے تقریب کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیں، تاہم ان کی جانب سے خود کو ’سنگل‘ قرار دینا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
میٹا کی زیر ملکیت ایپ انسٹاگرام پر آئمہ بیگ نے ایک پوسٹ ڈالی جس کے کیپشن میں ’سنگل، اوکے تھینکس، بائے‘ لکھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی اور مداحوں کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی جانے لگیں ، یہی نہیں بلکہ ایک صارف کے سوال پر آئمہ نے سٹوری میں اسے 100 فیصد سچ قرار دیا ۔

اس پوسٹ کے بعد بظاہرآئمہ بیگ نے اپنے شوہر اور معروف فیشن برانڈ کے سی ای او زین احمد سے علیحدگی کی تصدیق کر دی ہے ، تاہم زین احمد کی طرف سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ آئمہ بیگ اور زین احمد نے اگست 2025ء میں ایک نجی تقریب میں نکاح کیا تھا ، زین احمد معروف فیشن برانڈ ’راستہ‘ کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹیو ہیں۔
شادی سے قبل آئمہ بیگ اور زین احمد ایک دوسرے کو ڈیٹ بھی کر رہے تھے اور دونوں اپنے تعلق کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی کھل کر اظہار کرتے رہے تھے۔
شادی کے بعد گزشتہ کچھ عرصے سے دونوں کے تعلقات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں گردش کر رہی تھیں، تاہم آئمہ بیگ کی حالیہ پوسٹ نے ایک بار پھر ان کے مداحوں میں اس حوالے سے بحث چھیڑ دی ہے۔
صارفین کے دلچسپ تبصرے
آئمہ بیگ کی پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ تبصرے، بعض نے ان کے ’سنگل‘ اسٹیٹس پر سوالات اٹھائے جبکہ کچھ نے زین احمد کا حوالہ بھی دیا۔

آئمہ بیگ دروازے سے ٹکرا کر زخمی
اس سے کچھ روز قبل آئمہ بیگ حادثاتی طور پر دروازے سے ٹکرا کر چہرے اور آنکھ کے گرد زخمی ہو گئیں جس کے بعد انہوں نے اپنی حالت سے مداحوں کو آگاہ کرتے انسٹاگرام اسٹوریز پر اپنی تصویر شیئر کی جس میں ان کے چہرے پر چوٹ کے نشانات نمایاں تھے۔
یہ بھی پڑھیں :اداکارہ مومنہ اقبال ہراسگی کیس، لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کو کلین چٹ مل گئی
گلوکارہ نے بتایا کہ وہ پہلے ہی فلو، گلے کی تکلیف اور بخار میں مبتلا تھیں کہ اس دوران ان کا چہرہ زور سے دروازے سے جا ٹکرایا، جس سے ان کی آنکھ کے اطراف شدید چوٹ آئی اور انہیں کافی تکلیف ہوئی ۔
اس پوسٹ پر مداحوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ انہیں شاید تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔