محکمہ موسمیات پاکستان نے ملک بھر کے موسم کی تازہ ترین صورتحال جاری کردی، جس کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں پر اس وقت براعظمی ہوائیں اثر انداز ہیں، جس کے نتیجے میں بیشتر میدانی اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی پہاڑی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
آئندہ روز بروز منگل زیادہ تر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ شمالی پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے علاقے بارکھان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
بلوچستان کے علاقے بارکھان میں سب سے زیادہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ خیبر پختونخوا کے کالام اور دروش میں 1 ملی میٹر اور گلگت بلتستان کے بابوسر کے مقام پر بھی 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی بلوچستان اور سندھ میں محسوس کی گئی۔ سبی اور دادو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ تربت میں پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔