گھر بیٹھے موبائل سے شناختی کارڈ کی تجدید کا آسان طریقہ

گھر بیٹھے موبائل سے شناختی کارڈ کی تجدید کا آسان طریقہ

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے شناختی کارڈ کی تجدید کا عمل مزید آسان بنا دیا ہے، اب شہری نادرا دفاتر جانے اور طویل قطاروں میں انتظار کرنے کے بجائے اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے گھر بیٹھے شناختی کارڈ کی تجدید کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

نادرا کی جانب سے فراہم کردہ پاک آئی ڈی (Pak ID) ایپ کے ذریعے شہری شناختی کارڈ سے متعلق مختلف خدمات حاصل کرسکتے ہیں، آن لائن تجدید کی سہولت سے شہریوں کا وقت اور سفر کی لاگت بچانے میں مدد ملتی ہے۔

ایپ کھولیں

شناختی کارڈ کی تجدید کے لیے سب سے پہلے اپنے اسمارٹ فون میں پاک آئی ڈی ایپ کھولیں، ایپ کی ہوم اسکرین پر موجود شناختی دستاویزات (Identity Documents) کے آپشن پر جائیں۔

شناختی کارڈ منتخب کریں

اس کے بعد شناختی کارڈ (ID Card) کے آئیکن پر کلک کریں، اگلی اسکرین پر اپنی ضرورت کے مطابق درخواست گزار یعنی Applicant کا انتخاب کریں۔

یہ بھی پڑھیں :نادرا کی نئی سہولت، شہری اب قطار میں لگنے کے بجائے پہلے سے اپائنٹمنٹ لے سکیں گے

تجدید کا آپشن

درخواست گزار منتخب کرنے کے بعد سامنے آنے والی فہرست میں سے تجدید (Renewal) کا آپشن منتخب کریں،تجدید کے مرحلے میں ایپ کی جانب سے فراہم کردہ ہدایات کے مطابق اپنی مطلوبہ معلومات مرحلہ وار درج کریں، جہاں ضروری ہو وہاں متعلقہ دستاویزات اور مطلوبہ معلومات اپ لوڈ کریں۔

درخواست مکمل کریں

تمام معلومات درج اور ضروری مراحل مکمل کرنے کے بعد درخواست جمع کرائی جاسکتی ہے، درخواست جمع کرانے سے قبل درج کی گئی معلومات کا بغور جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ کسی غلطی کی صورت میں درخواست کے عمل میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

نادرا کے مطابق ڈیجیٹل سہولت کا مقصد شہریوں کو زیادہ آسان رسائی فراہم کرنا، وقت کی بچت کرنا اور شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات کے عمل کو تیز اور شفاف بنانا ہے۔

editor

Related Articles