جرمنی میں آئی ٹی پروفیشنلز کے لیے ملازمت اور رہائش کے 3 طریقے سامنے آگئے

جرمنی میں آئی ٹی پروفیشنلز کے لیے ملازمت اور رہائش کے 3 طریقے سامنے آگئے

آئی ٹی پروفیشنلز کے لیے جرمنی میں ملازمت اور رہائش کے 3 اہم راستے سامنے آگئے ہیں، جن میں بعض شرائط کے تحت رسمی یونیورسٹی ڈگری کے بغیر تجربہ رکھنے والے آئی ٹی ماہرین بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

جرمن حکومت نے آئی ٹی پروفیشنلز کے لیے تعلیم، پیشہ ورانہ تجربے اور جاب آفر کی بنیاد پر ورک ویزا اور ریزیڈنس پرمٹ کے قوانین جاری کیے ہیں۔ ان تینوں راستوں میں تنخواہ کی مقررہ حدود 2026 کی سالانہ مجموعی یعنی ٹیکس اور دیگر کٹوتیوں سے قبل گراس تنخواہ کے مطابق ہیں۔

پہلا راستہ: تسلیم شدہ تعلیمی یا پیشہ ورانہ قابلیت

ریزیڈنس ایکٹ کے سیکشن 18a اور 18b کے تحت اس راستے کے لیے امیدوار کے پاس جرمنی سے حاصل کردہ یا جرمنی میں تسلیم شدہ پیشہ ورانہ قابلیت یا جرمن ڈگری کے مساوی یونیورسٹی ڈگری ہونا ضروری ہے۔

امیدوار کے پاس جرمنی میں آئی ٹی اسپیشلسٹ کی باقاعدہ جاب آفر بھی ہونی چاہیے۔ 45 سال سے زائد عمر کے ایسے افراد جو پہلی مرتبہ اس راستے سے جرمنی جا رہے ہوں، ان کے لیے کم از کم 55,770 یورو سالانہ گراس تنخواہ یا مناسب پنشن اور مالی انتظام کا ثبوت درکار ہوسکتا ہے۔

اس ویزا راستے میں فیڈرل ایمپلائمنٹ ایجنسی کی منظوری بھی درکار ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جرمنی نے اسپین کو شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ جیت لیا، پاکستان کا ریکارڈ بھی برابر کردیا

دوسرا راستہ: یورپی یونین بلیو کارڈ

یورپی یونین بلیو کارڈ اعلیٰ تعلیم یافتہ پروفیشنلز کے لیے خصوصی رہائشی اجازت نامہ ہے۔ اس کے لیے عام طور پر جرمنی میں تسلیم شدہ یا جرمن ڈگری کے مساوی یونیورسٹی ڈگری، کم از کم چھ ماہ کی متعلقہ جاب آفر اور مقررہ تنخواہ کی شرط پوری کرنا ضروری ہے۔

2026 میں عمومی بلیو کارڈ کے لیے کم از کم سالانہ گراس تنخواہ 50,700 یورو مقرر ہے، جبکہ آئی ٹی جیسے شارٹیج آکیوپیشنز کے لیے کم حد 45,934.20 یورو سالانہ ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ بعض شرائط کے تحت یونیورسٹی ڈگری کے بغیر بھی آئی ٹی پروفیشنل بلیو کارڈ حاصل کرسکتا ہے۔ اس کے لیے گزشتہ سات سال کے دوران کم از کم تین سال کا آئی ٹی تجربہ، یونیورسٹی لیول کی مہارت کے مساوی تجربہ، کم از کم چھ ماہ کی متعلقہ جاب آفر اور مقررہ تنخواہ کی شرط پوری کرنا ہوگی۔

امیدوار کو اپنے تجربے کے ثبوت کے لیے ایمپلائمنٹ سرٹیفکیٹس، ریفرنس لیٹرز، جاب ڈسکرپشن، پروجیکٹس اور دیگر مستند دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔

تیسرا راستہ: تجربہ کار آئی ٹی ماہرین کے لیے خصوصی ویزا

ریزیڈنس ایکٹ کے سیکشن 19c(2) اور ایمپلائمنٹ آرڈیننس کے سیکشن 6 کے تحت تجربہ رکھنے والے آئی ٹی پروفیشنلز رسمی یونیورسٹی ڈگری کے بغیر بھی جرمنی میں کام کرنے کے اہل ہوسکتے ہیں۔

اس راستے کے لیے گزشتہ پانچ سال کے دوران کم از کم دو سال کا متعلقہ آئی ٹی تجربہ، جرمنی میں کنکریٹ جاب آفر اور کم از کم 45,630 یورو سالانہ گراس تنخواہ درکار ہے۔

بعض صورتوں میں اگر آجر اجتماعی تنخواہی معاہدے کا پابند ہو اور امیدوار کو اسی معاہدے کے مطابق ملازمت دی جارہی ہو تو مقررہ کم از کم تنخواہ کی شرط ختم بھی ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پمز ہسپتال میں ایک ماہ قبل بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آنے کا انکشاف، دستاویزات آزاد ڈیجیٹل نے حاصل کرلئے

درخواست دینے سے پہلے کیا کرنا ہوگا؟

جرمنی جانے کے خواہشمند آئی ٹی ماہرین کو درخواست سے قبل اپنی ڈگری اور تعلیمی قابلیت کی حیثیت چیک کرنے، ضرورت پڑنے پر ZAB سے سرٹیفکیٹ ایویلیوایشن کے بارے میں معلومات لینے اور جاب آفر میں عہدہ، ذمہ داریاں، تنخواہ، اوقات کار اور معاہدے کی مدت واضح کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح تجربے کے ثبوت میں ملازمت کی درست تاریخیں، ذمہ داریاں، استعمال ہونے والی ٹیکنالوجیز اور ہفتہ وار اوقات کار درج ہونا ضروری ہے۔

حکام کی جانب سے درخواست گزاروں کو جعلی جاب آفرز اور ویزا کی ضمانت دینے والے ایجنٹس سے محتاط رہنے اور ویزا درخواست صرف جرمن حکومت کے سرکاری قونصلر سروسز پورٹل یا مجاز جرمن مشن کے ذریعے جمع کرانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ تینوں راستے بنیادی طور پر ان امیدواروں کے لیے ہیں جن کے پاس جرمنی میں کنکریٹ جاب آفر موجود ہو۔ جاب آفر کے بغیر جرمنی میں ملازمت تلاش کرنے کے لیے چانس کارڈ ایک الگ راستہ ہے، جس کی شرائط مختلف ہیں۔

Related Articles