پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو انسداد دہشت گردی عدالت نے 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
حماد اظہر کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق کیس کی سماعت لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی، جہاں جج محمد اکرم نے پولیس کی جانب سے پیش کی گئی استدعا پر سماعت کی۔
عدالت نے کارروائی کے بعد حماد اظہر کو 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، جس کے بعد پولیس کو ان سے مقدمات کے حوالے سے تفتیش کرنے کی اجازت مل گئی۔
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کو گزشتہ روز ملتان سے گرفتار کیا گیا تھا،تاہم لاہور پولیس کی جانب سے ان کی باقاعدہ گرفتاری آج ظاہر کی گئی ،پولیس ترجمان کے مطابق حماد اظہر لاہور پولیس کو مختلف نوعیت کے 18 مقدمات میں مطلوب تھے اور وہ گزشتہ تقریباً 3 سال سے روپوش تھے۔
پولیس کے مطابق حماد اظہر کی گرفتاری کے بعد ان کے خلاف درج مقدمات کی تفتیش آگے بڑھائی جائے گی اور جسمانی ریمانڈ کے دوران ان سے مختلف پہلوؤں پر پوچھ گچھ کی جائے گی،عدالت کی جانب سے جسمانی ریمانڈ منظور کیے جانے کے بعد پولیس حماد اظہر کو تفتیش کے لیے اپنی تحویل میں لے گئی۔