نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے نیٹ ورک کے استعمال کے چارجز (UOSC) ملک بھر میں یکساں لاگو کرنے کا فیصلہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت اوپن ایکسیس صارفین کے لیے مختلف کیٹیگریز میں گرڈ چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔
نیپرا کے فیصلے کے مطابق بولی کے عمل میں حصہ لینے والے اوپن ایکسیس صارفین کے لیے ویری ایبل گرڈ چارجز 6.23 روپے سے 19.62 روپے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔
بولی کے عمل سے باہر رہنے والے اوپن ایکسیس صارفین کے لیے اسٹرینڈڈ کاسٹ کے ساتھ گرڈ چارجز 19.17 روپے سے 32.56 روپے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔
فیصلے میں ملک بھر میں بجلی کی ترسیل کے لیے یکساں نقصانات کی شرح بھی منظور کی گئی ہے، نیپرا نے 11 کے وی کے لیے 8.04 فیصد جبکہ 132 کے وی کے لیے 1.51 فیصد یکساں ترسیلی نقصان مقرر کیا ہے،نیپرا کے مطابق تمام فکسڈ گرڈ چارجز 1 روپے فی کلوواٹ ماہانہ کی بنیاد پر وصول کیے جائیں گے۔
فیصلے کے مطابق اضافی چارجز اوپن ایکسیس صارفین کے ساتھ ساتھ عام صارفین پر بھی یکساں طور پر لاگو ہوں گے۔ اس فیصلے کے بعد بجلی کے نیٹ ورک کے استعمال سے متعلق چارجز کے نظام میں یکسانیت پیدا ہونے کی توقع ہے۔
نیپرا نے وفاقی حکومت کو فیصلے کا گزٹ نوٹیفکیشن 30 دن کے اندر جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے،نیپرا نے تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو آئندہ سال کے لیے فوری طور پر UOSC پٹیشنز جمع کرانے کی بھی ہدایت کردی ہے۔
نیپرا کے اس فیصلے سے بجلی کے شعبے میں اوپن ایکسیس نظام کے تحت نیٹ ورک استعمال کرنے والے صارفین پر لاگو ہونے والے چارجز کے ڈھانچے میں اہم تبدیلی آئے گی، جبکہ نئے یکساں نرخوں کا حتمی اطلاق گزٹ نوٹیفکیشن کے بعد ہوگا۔