فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی قانونی آخری تاریخ سے محض چند ہفتے قبل ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس ریٹرن فارم میں اہم تبدیلیاں کردی ہیں۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ایس آر او 1495(I)/2026 کے تحت انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترمیم کی گئی ہے۔ ترمیم کے ذریعے سیکنڈ شیڈول کے پارٹ ٹو زی ای، زیڈ ایف، زیڈ جی اور زیڈ ایچ کے تحت نئی شقیں شامل کی گئی ہیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ نئی ترامیم کا اطلاق ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس ریٹرن کے نظام پر ہوگا، جس سے ٹیکس سال 2026 کا انکم ٹیکس ریٹرن فریم ورک براہِ راست متاثر ہوگا۔
دوسری جانب قانونی ماہرین نے ریٹرن فارم میں تبدیلی کے وقت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی قانونی آخری تاریخ 30 ستمبر 2026 ہے اور اس مرحلے پر فارم میں تبدیلی سے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس ماہرین کو قانونی و تکنیکی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق آخری وقت میں فارم میں تبدیلیوں سے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس پریکٹیشنرز کے لیے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں کیونکہ وہ پہلے ہی پرانے فارمیٹ پر ریٹرن تیار کر رہے تھے۔
ٹیکس ماہرین نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ نئی ترامیم کے دائرہ کار، نفاذ اور عملدرآمد سے متعلق فوری اور واضح ہدایات جاری کی جائیں تاکہ ٹیکس دہندگان مقررہ مدت کے اندر اپنے گوشوارے بلا تاخیر جمع کراسکیں۔