تعلیم کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پنجاب میں چوتھی سے آٹھویں جماعت تک کے اسکول نصاب میں گلوبل سٹیزن شپ کا نیا مضمون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گلوبل سٹیزن شپ 100 نمبروں کا الگ مضمون ہوگا، جبکہ یونیسیف کے تعاون سے اسے اگلے تعلیمی سال سے نصاب کا حصہ بنانے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
نئے مضمون میں بین الاقوامی شہریت، عالمی سطح پر طلبہ کے حقوق اور ذمہ داریوں سمیت ذمہ دار شہری بننے کی اہمیت پر توجہ دی جائے گی۔
پنجاب ایگزامینیشن کمیشن (پی ای سی) نے مضمون کے تعارف کے حوالے سے یونیسیف سے مشاورت شروع کردی ہے۔ یونیسیف سے کورس سے متعلق نصابی کتب اور دیگر تعلیمی مواد کی طباعت کے لیے بھی فنڈ فراہم کرنے کی توقع ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق، نئے مضمون کا مقصد عالمی برادری کے بارے میں طلبہ کی سمجھ کو وسیع کرنا اور بین الاقوامی سطح پر اپنی ذمہ داریوں اور کردار کو بہتر طور پر سمجھنے میں ان کی مدد کرنا ہے۔