مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام میں نیپرا کا فیصلہ اہم سنگِ میل ہے،اویس لغاری

مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام میں نیپرا کا فیصلہ اہم سنگِ میل ہے،اویس لغاری

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے بجلی کے شعبے میں مسابقتی مارکیٹ کے قیام کی جانب پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیپرا کی جانب سے یوز آف سسٹم چارجز کا تعین ایک اہم مرحلہ ہے۔

اویس لغاری کے مطابق بجلی کے ترسیلی نظام کے استعمال کی فیس کا تعین مسابقتی تجارتی دوطرفہ معاہدوں کے نظام (CTBCM) کو عملی شکل دینے کے لیے ضروری آخری ریگولیٹری اقدامات میں شامل تھا، اس فیصلے کے بعد CTBCM کے تحت نیلامی کے عمل کو آگے بڑھانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے نظام کے تحت پاکستان بجلی کی خرید و فروخت کے روایتی واحد خریدار ماڈل سے آگے بڑھ سکے گا، اس نظام میں اہل صنعتی صارفین کو مختلف بجلی فراہم کرنے والوں میں سے انتخاب کرنے اور اپنی ضروریات کے مطابق بجلی خریدنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ صنعتی صارفین بجلی پیدا کرنے والوں کے ساتھ براہِ راست معاہدوں کے ذریعے بجلی حاصل کرسکیں گے، جس سے مارکیٹ میں مقابلے کی فضا پیدا ہوگی،حکومت کے مطابق اس کا فائدہ صرف صنعتوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ بجلی کے پورے شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے نئی سہولت

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ بجلی کی خریداری میں مقابلہ بڑھنے سے پیداوار کے وسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کرنے اور صارفین کے لیے بہتر نرخ سامنے آنے کے امکانات پیدا ہوں گے۔

اس کے ساتھ موجودہ پاور پلانٹس کی استعداد سے زیادہ بہتر فائدہ اٹھانے اور بجلی کے شعبے میں موجود مختلف انتظامی و معاشی کمزوریوں کو کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق مسابقتی مارکیٹ میں قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں اور بیٹری اسٹوریج جیسے نئے ذرائع کے لیے بھی مواقع پیدا ہوں گے۔ مقامی سطح پر دستیاب کم لاگت توانائی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار گھٹانے کی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ نیپرا کا فیصلہ بجلی کے نظام تک براہِ راست رسائی کے لیے ضروری قواعد و ضوابط فراہم کرتا ہے۔ CTBCM کے تحت ہونے والی نیلامی ملکی بجلی مارکیٹ کے ڈھانچے میں ایک نمایاں تبدیلی ثابت ہوسکتی ہے۔

اویس لغاری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارت توانائی مسابقتی بجلی مارکیٹ کو شفاف، مؤثر اور منظم انداز میں نافذ کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ ان کے بقول نئے نظام سے اہل صارفین کو بجلی کے حصول میں زیادہ انتخاب میسر آئے گا اور پاور سیکٹر کو زیادہ مسابقتی اور صارف دوست بنانے میں مدد ملے گی۔

editor

Related Articles