کمر کھجانے کے بھی پیسے؟ چینی نوجوان نے انوکھا کاروبار شروع کردیا

کمر کھجانے کے بھی پیسے؟ چینی نوجوان نے انوکھا کاروبار شروع کردیا

دنیا میں لوگ کمائی کے لیے نت نئے کاروبار کرتے ہیں، لیکن چین کے ایک نوجوان نے ایسا کام کاروبار بنا لیا جس کا شاید کسی نے تصور بھی نہ کیا ہو۔

چین کے شہر شینزین سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ ژانگ شیاؤچیاؤ لوگوں کی کمر اور جسم پر ہلکی کھجلی کرنے کی سروس فراہم کرتے ہیں اور حیران کن طور پر ان کا یہ کاروبار خاصا مقبول ہوچکا ہے۔ ژانگ نے ’سوما‘ کے نام سے یہ سروس شروع کی، جہاں گاہک رقم ادا کرکے تقریباً 1 گھنٹے تک کمر اور جسم پر ہلکی کھجلی کرواتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:محلے کی جاسوسی یا انوکھا کاروبار؟ 67 سالہ خاتون کی کمائی نے سب کو حیران کردیا

ایک گھنٹے کی کھجلی کی فیس کتنی ہے؟

اس انوکھی سروس کے لیے عملہ خصوصی طور پر تیار کیے گئے نوکیلے ناخن استعمال کرتا ہے، جبکہ گاہک مساج پارلر کی طرح بیڈ پر لیٹ جاتے ہیں۔ تقریباً 1 گھنٹے کی اس سروس کی فیس 300 چینی یوآن یعنی تقریباً 40 ڈالر ہے۔

مقصد صرف کھجلی ختم کرنا نہیں

ژانگ کے مطابق اس سروس کا مقصد صرف جسم کی کھجلی دور کرنا نہیں بلکہ لوگوں کو ذہنی دباؤ سے نجات دلانا اور بہتر نیند میں مدد فراہم کرنا بھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں میں زندگی گزارنے والے افراد شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرتے ہیں اور کئی گاہک اس تجربے کو عام مساج کے مقابلے میں زیادہ سکون بخش قرار دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:جاپان کی لگژری برف مرکز نگاہ ، آخر ایسا خاص کیا ہے ؟

سوشل میڈیا ویڈیو سے ملا کاروبار کا خیال

ژانگ کو اس انوکھے کاروبار کا خیال ایک سوشل میڈیا ویڈیو دیکھنے کے بعد آیا۔ ویڈیو میں ایک خاتون اپنے شوہر کی کمر کھجا رہی تھی۔ ویڈیو کے کمنٹس میں کئی صارفین نے لکھا کہ اگر کوئی ان کی بھی اسی طرح کمر کھجائے تو وہ اس کے لیے پیسے دینے کو تیار ہیں۔ یہی بات ژانگ کے ذہن میں کاروباری خیال بن گئی اور انہوں نے اپنی تکنیک تیار کرکے ’سوما‘ کے نام سے سروس شروع کردی۔

2 برانچز، لاکھوں کی ماہانہ آمدن

ژانگ کے مطابق اب ان کی دو برانچز کام کر رہی ہیں اور دونوں دکانیں مجموعی طور پر ماہانہ تقریباً 1 لاکھ چینی یوآن کما رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ان کے تقریباً 70 فیصد گاہک مرد ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ابوظہبی میں نایاب سفید باز کی ریکارڈ قیمت میں نیلامی

اب پورے چین میں 100 برانچز کھولنے کا ارادہ

کاروبار کی کامیابی کے بعد ژانگ اسے مزید وسعت دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ان کا ارادہ مستقبل میں چین بھر میں ’سوما‘ کی 100 برانچز کھولنے کا ہے۔ ژانگ چاہتے ہیں کہ لوگوں کو کھجانے کی یہ سروس ایک باقاعدہ اور تسلیم شدہ پیشے کے طور پر پہچان ملے۔

یوں جو کام عام طور پر گھر میں اپنوں سے مفت کروایا جاتا ہے، ایک چینی نوجوان نے اسی کام کو باقاعدہ کاروبار بنا کر لاکھوں کی آمدن کا ذریعہ بنا لیا۔  یوں جو کام عام طور پر گھر میں اپنوں سے مفت کروایا جاتا ہے، ایک چینی نوجوان نے اسی کام کو باقاعدہ کاروبار بنا کر لاکھوں کی آمدن کا ذریعہ بنا لیا۔

editor

Related Articles