سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا وہ نوٹس جعلی قرار دے دیا گیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 7080507-051 نمبر سے آنے والی کال کا جواب دینے سے جعلساز جاز کیش، ایزی پیسہ اور دیگر موبائل اکاؤنٹس سے رقم چوری کر سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے نوٹس میں مبینہ طور پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے شہریوں کو 7080507-051 سے آنے والی کالز کا جواب نہ دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔
3 ستمبر کو ایک صارف نے ایکس، جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر مذکورہ نوٹس شیئر کرتے ہوئے اسے سائبر فراڈ الرٹ قرار دیا۔ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ مذکورہ نمبر سے آنے والی کال کا جواب دینے پر چند سیکنڈز میں جاز کیش، ایزی پیسہ یا دیگر موبائل اکاؤنٹس سے رقم غائب کی جا سکتی ہے۔
مذکورہ دعویٰ فیس بک، یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر بھی مختلف پوسٹس کے ذریعے گردش کرتا رہا۔
تاہم، حقائق کی جانچ کے مطابق پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن کے نگران ادارے پی ٹی اے نے ایسا کوئی نوٹیفکیشن یا ایڈوائزری نوٹس جاری نہیں کیا۔
پی ٹی اے نےوضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی ایڈوائزری نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔
پی ٹی اے نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی زیر گردش نوٹس کی وضاحت کرتے ہوئے اسے ’’جعلی اور گمراہ کن‘‘ قرار دیا اور واضح کیا کہ اس نوعیت کا کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا۔
حقائق کی جانچ کے مطابق وائرل دستاویز کی فارمیٹنگ اور زبان بھی پی ٹی اے کی سرکاری اطلاعات سے مطابقت نہیں رکھتی۔
لہٰذا، 7080507-051 سے آنے والی کالز اور موبائل پیمنٹ اکاؤنٹس سے مبینہ رقم چوری سے متعلق پی ٹی اے کے نام سے جاری کیا جانے والا وائرل نوٹس جعلی اور گمراہ کن ہے۔
