وفاقی دارالحکومت کی پولیس اور سائبر کرائم انویسٹی گیشن کے نظام میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے سہیل چوہدری کو نیا انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس مقرر کردیا گیا ہے، جبکہ موجودہ آئی جی علی ناصر رضوی کو عہدے سے منتقل کرکے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا ہے۔
سہیل چوہدری پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) کے گریڈ بی ایس-20 کے افسر ہیں۔ وہ اس سے قبل لاہور، فیصل آباد اور ملتان سمیت مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ پنجاب کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ میں بھی اہم ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
ان کے سابق عہدوں میں چیف ٹریفک آفیسر لاہور (سی ٹی او)، سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد (سی پی او)، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب اور آر پی او ملتان شامل ہیں۔
سہیل چوہدری نے 2021 میں مینارِ پاکستان ہراسگی کیس کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی ذمہ داری سنبھالی، جس کے بعد ان کا پروفائل قومی سطح پر بھی توجہ کا مرکز بنا۔ بعد ازاں انہوں نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب کے طور پر بھی خدمات انجام دیں، تاہم بعد میں انہیں صوبے سے منتقل کرکے او ایس ڈی تعینات کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب علی ناصر رضوی، جو اسلام آباد پولیس کے آئی جی کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، اب نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
سہیل چوہدری کی اسلام آباد پولیس کے سربراہ کے طور پر تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دارالحکومت کی پولیس میں جدید نظام متعارف کرانے کا عمل جاری ہے۔ ان اقدامات میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بھی شامل ہے، جس کا مقصد حقیقی وقت میں نگرانی اور ردعمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔