تحریک انصاف کا مارچ نہیں ہوگا،پی ٹی آئی والے فیس سیونگ کیلئے منتیں کررہے ہیں، شیر افضل مروت

تحریک انصاف کا مارچ نہیں ہوگا،پی ٹی آئی والے فیس سیونگ کیلئے منتیں کررہے ہیں، شیر افضل مروت

شیر افضل مروت نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا ،انہوں نے کہا کہ  ان کے پاس سہیل آفریدی کے خلاف آئینی اور قانونی جواز موجود ہیں اور وہ خیبر پختونخوا کو ان سے چھٹکارا دلانے کیلئے قانونی راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

کسی کے کہنے پر کام نہیں کیا

 نجی ٹی وی کے پروگرام  میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی کسی کے کہنے پر کوئی کام نہیں کیا،ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں اور سیاسی معاملات میں بھی کسی دباؤ کے تحت قدم نہیں اٹھاتے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ ان کے فنڈز منجمد کیے گئے، تاہم ان کے پاس اس معاملے پر آئینی اور قانونی جواز موجود ہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ سہیل آفریدی کے وزیراعلیٰ بننے کے چھ ماہ بعد انہوں نے اس حوالے سے درخواست بھی دائر کی تھی۔

سہیل آفریدی پر سوالات

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کچھ نہیں کیا، ان کا کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کو بند کرنے کا کہا تھا تو اس پر عمل کیوں نہیں کیا گیا،شیر افضل مروت نے اٹک میں ہونے والے دھرنے کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ راتوں رات دھرنا کس کے کہنے پر ختم کیا گیا تھا  انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو اپنے فیصلوں اور سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے بھی جواب دینا ہوگا۔

پی ٹی آئی کو خیرات نہیں ملے گی

شیر افضل مروت نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ظلم و جبر ہوا، لیکن اسی صورتحال نے پارٹی کو مقبولیت بھی دی پی ٹی آئی کو خیرات میں کوئی چیز نہیں ملے گی بلکہ سیاسی جدوجہد کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کرنا ہوں گے۔

مارچ کے معاملے پر بڑا دعویٰ

شیر افضل مروت نے کہا کہ سیاسی سطح پر بات چیت چل رہی ہے اور اگر مارچ منسوخ کردیا جائے تو بشریٰ بی بی کو ریلیف دیا جا سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی انہیں مارچ میں شرکت کا کہیں گے تو وہ ضرور شریک ہوں گے، تاہم ان کے مطابق تحریک انصاف کا مارچ ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا۔

فیس سیونگ کی کوششیں

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے رہنما منتیں کر رہے ہیں کہ انہیں کوئی ایسا راستہ مل جائے جس کے ذریعے سیاسی طور پر فیس سیونگ ہوسکے،شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی قید کے بعد رابطے کبھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔ ان کے مطابق تین مرتبہ معاملات بنتے بنتے رہ گئے۔

لڑائی کا اختتام صلح پر ہوگا

شیر افضل مروت نے کہا کہ موجودہ سیاسی لڑائی بالآخر صلح پر ختم ہوگی، چاہے یہ کسی آئینی ترمیم کی شکل میں سامنے آئے یا کسی اور سیاسی مفاہمت کے ذریعے،ان کا کہنا تھا کہ اگر دونوں فریق ایک دوسرے کو معاف کردیں تو لڑائی ختم ہوسکتی ہے اور ملک میں سیاسی کشیدگی کم کرنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

editor

Related Articles