ایوان صدر نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے حالیہ نجی غیر ملکی دورے کے اخراجات کے حوالے سے اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورے سے متعلق تمام اخراجات صدر مملکت نے خود برداشت کیے۔
ایوان صدر کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کا حالیہ غیر ملکی دورہ مکمل طور پر نجی تھا اور اس کے تمام متعلقہ اخراجات آصف علی زرداری نے ذاتی طور پر ادا کیے۔
بیان کے مطابق غیر ملکی دورے کے لیے صدر مملکت نے طیارہ چارٹر کیا تھا، جبکہ طیارے سے متعلق تمام اخراجات، جن میں عملہ، پارکنگ، قیام اور دیگر متعلقہ اخراجات شامل ہیں، صدر مملکت نے خود برداشت کیے۔
یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری یکم ستمبر 2026 کو نجی دورے پر لندن کے لیے روانہ ہوئے تھے، جہاں ان کا قیام 2 ہفتوں سے زائد رہا۔
ذرائع کے مطابق لندن میں قیام کے دوران صدر آصف علی زرداری نے میڈیکل چیک اپ بھی کرایا، جبکہ ان سے مختلف وفود کی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کے ہمراہ سلیم مانڈوی والا اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین بھی موجود تھے۔
ایوان صدر کی وضاحت صدر مملکت کے نجی غیر ملکی دورے کے حوالے سے سامنے آنے والی ان خبروں کے تناظر میں جاری کی گئی ہے جن میں دورے کے اخراجات سے متعلق سوالات اٹھائے گئے تھے۔ ایوان صدر نے واضح کیا کہ دورے کے تمام اخراجات صدر مملکت نے اپنی ذاتی حیثیت میں برداشت کیے۔