پشاور میں ریڈیو پاکستان حملہ کیس کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی، پولیس نے انسداد دہشت گردی عدالت میں تفتیشی رپورٹ جمع کرا دی جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے کیس میں ملوث ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت پشاور میں ریڈیو پاکستان حملہ کیس کی سماعت ہوئی، جہاں تفتیشی افسر نے پولیس کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ عدالت میں پیش کردی،پولیس رپورٹ کے مطابق سہیل آفریدی کے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، تفتیش کے دوران سامنے آنے والے شواہد اور دیگر مواد کو رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
فرانزک رپورٹس بھی پیش
پولیس کی جانب سے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹس بھی عدالت میں پیش کردی گئیں۔ تفتیشی حکام نے کیس سے متعلق فرانزک شواہد عدالت کے سامنے رکھ دیے ہیں تاکہ مقدمے میں ملزمان کے کردار کا تعین کیا جاسکے۔
رپورٹ پیش کرنے میں تاخیر
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کرانے میں تاخیر بھی ہوئی، تاہم اعلیٰ پولیس حکام کی ہدایت کے بعد رپورٹ بالآخر عدالت میں پیش کردی گئی،رپورٹ میں شامل شواہد اور فرانزک مواد کی بنیاد پر کیس کی تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
آئندہ سماعت پر دلائل
عدالت میں آئندہ سماعت کے دوران دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کی رپورٹس اور فرانزک شواہد بھی زیر بحث آئیں گے۔ فریقین کو پولیس رپورٹ اور پیش کیے گئے شواہد کی بنیاد پر اپنے دلائل پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
سماعت 14 ستمبر تک ملتوی
عدالت نے پولیس کی رپورٹ پر فریقین کے دلائل سننے کے لیے کیس کی سماعت 14 ستمبر 2026 تک ملتوی کردی ہےآئندہ سماعت میں پولیس کی تفتیشی رپورٹ، فرانزک شواہد اور دیگر متعلقہ اداروں کی رپورٹس کی روشنی میں فریقین کے دلائل سنے جائیں گے۔