محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم بالائی علاقوں سمیت سندھ کے جنوب مشرقی حصوں میں شام اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بالائی علاقوں میں بارش
موسم کی صورتحال کے مطابق شام اور رات کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور جنوب مشرقی سندھ کے بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے،جنوب مشرقی سندھ میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کی بھی توقع ہے، جس کے باعث مقامی سطح پر موسم میں اچانک تبدیلی آسکتی ہے۔
اسلام آباد کا موسم
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ شام یا رات کے وقت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہےتاہم شام اور رات کے اوقات میں دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، کوہاٹ، کرم، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،بعض مقامات پر بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
پنجاب میں بارش کا امکان
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم شام اور رات کے دوران بعض علاقوں میں موسم تبدیل ہوسکتا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، جہلم، راولپنڈی، اٹک، چکوال، لاہور، سیالکوٹ، خوشاب، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان سمیت گردونواح میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔
سندھ میں موسلادھار بارش
سندھ کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم صوبے کے جنوب مشرقی حصوں میں شام اور رات کے وقت بارش متوقع ہے،تھرپارکر، بدین، میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹھٹھہ اور گردونواح میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کی صورتحال
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہےتاہم بعد از دوپہر ژوب، موسیٰ خیل اور بارکھان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر
گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے،شام اور رات کے اوقات میں ان علاقوں کے بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کا موسم
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی،محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور خاص طور پر آندھی و گرج چمک کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔