انڈونیشیا میں 243 افراد کو لے کر سفر کرنے والی مسافر بردار کشتی سمندر میں لاپتا ہوگئی، تاہم ریسکیو حکام نے 103 افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا میں 243 افراد کو لے جانے والا مسافر بردار جہاز بحیرہ جاوا میں لاپتہ ہو گیا ، جہاز سے خراب موسم کے دوران رابطہ منقطع ہوا۔
انڈونیشیا کی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے مطابق مسافر بردار جہاز ورگو ٹرانسپورٹ 8 ہفتے کے روز مشرقی جاوا کے شہر سورابایا سے جنوبی کالیمانتان کے شہر بنجارماسن کے لیے روانہ ہوا تھا، تاہم خراب موسم کے دوران اتوار کی صبح جاوا سمندر میں اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔
بنجرماسین سرچ اینڈ ریسکیو آفس کے سربراہ، آئی پوتو سوڈایانا نے کہا، “ہمیں ‘ورگو ٹرانسپورٹ 8’ جہاز سے رابطہ منقطع ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے اور ہم نے فوری طور پر عملے اور ‘کے این ایس اے آر لکشمنہ 241’ (KN SAR Laksmana 241) نامی جہاز کو اس مقام کی طرف روانہ کر دیا ہے جہاں جہاز کی آخری بار موجودگی کا اندازہ لگایا گیا تھا۔”
ریسکیو ایجنسی نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ سمندر میں لاپتا ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد جہاز میں سوار 103 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے ، ریسکیو کارروائی کے دوران جہاز سے دوبارہ رابطہ قائم نہیں ہوسکا اور اس وقت اس کے مقام کا بھی علم نہیں ہے۔
سوڈایانا نے بتایا کہ جہاز کی آخری پوزیشن جاوا کے سمندری علاقے میں پائی گئی، جو اس کی منزل یعنی بنجرماسین گھاٹ (پیئر) سے تقریباً 150 کلومیٹر (90 میل) کے فاصلے پر ہے۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا تقریباً 17 ہزار جزائر پر مشتمل ملک ہے جہاں ایک جزیرے سے دوسرے جزیرے تک سفر کے لیے فیری اور مسافر بردار کشتیاں نقل و حمل کا اہم ذریعہ ہیں ، سمندری سفر فضائی سفر کے مقابلے میں زیادہ سستا اور عام لوگوں کے لیے آسان سمجھا جاتا ہے۔
تاہم ملک میں سمندری سفر کے حفاظتی معیار پر ہمیشہ سختی سے عمل درآمد نہ ہونے کے باعث کشتیوں اور فیری کے حادثات بھی پیش آتے رہتے ہیں۔
گزشتہ ہفتے پیر کے روز صوبہ بینٹین میں واقع آتش فشاں ‘ماؤنٹ انک کراکاتاؤ’ (Mount Anak Krakatau) کے قریب 8 افراد کو لے جانے والی ایک اسپیڈ بوٹ لاپتہ ہو گئی تھی، جس میں مقامی اور بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے لیے کام کرنے والے پانچ صحافی بھی شامل تھے؛ جن کی تلاش اب بھی جاری ہے۔
گزشتہ ماہ، انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے قریب لومبوک آبنائے میں ایک فیری میں آگ لگنے سے ایک شخص ہلاک اور پانچ لاپتہ ہو گئے تھے، جبکہ 211 افراد کو بچا لیا گیا تھا۔