پیٹرول سبسڈی ریلیف کیلئے مفت ایس ایم ایس، وزیراعظم کی اہم ہدایت

پیٹرول سبسڈی ریلیف کیلئے مفت ایس ایم ایس، وزیراعظم کی اہم ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول سبسڈی ریلیف حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کے دوران درکار ایس ایم ایس سروس کو مفت کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پیٹرول سبسڈی ریلیف اسکیم سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا،اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے درکار ایس ایم ایس سروس مفت فراہم کی جائے تاکہ شہریوں کو رجسٹریشن کے عمل میں اضافی اخراجات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کن افراد کو ریلیف

حکومت کی جانب سے موٹرسائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جائے گی،اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے لیے فیول سبسڈی اسکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب سے شروع کردی جائے گی، جس کے بعد دارالحکومت میں اہل شہری سبسڈی کے حصول کے لیے مقررہ طریقہ کار کے تحت رجسٹریشن کراسکیں گے۔

پیٹرول کی قیمتوں میں عوام کیلئے بڑا ریلیف،وزیراعظم نے خصوصی اسکیم کا اعلان کردیا

ملک بھر میں آغاز

اسلام آباد کے بعد ملک کے دیگر علاقوں میں بھی فیول سبسڈی ریلیف کا آغاز کیا جائے گا، ملک بھر، بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان، میں شہریوں کو 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکیم کے آغاز کے موقع پر شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور رجسٹریشن سمیت تمام ضروری مراحل کو آسان بنانے کے لیے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔

انتظامیہ فیلڈ میں

وزیراعظم نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت متعلقہ انتظامیہ کو عوام کی رہنمائی کے لیے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت بھی کی،شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو رجسٹریشن اور اسکیم سے متعلق دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے، ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو بھی شہریوں کی رہنمائی کے لیے متحرک کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل افراد اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں۔

رضاکاروں کی ذمہ داری

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رضاکار شہریوں کو فیول سبسڈی اسکیم کے لیے رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں رہنمائی فراہم کریں،حکومت کی جانب سے اسکیم کے طریقہ کار سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنے پر بھی خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہری درست طریقے سے رجسٹریشن مکمل کرسکیں اور کسی غیر ضروری پریشانی سے بچ سکیں۔

بھرپور آگاہی مہم

وزیراعظم شہباز شریف نے فیول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کردی،انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز پر آگاہی مہم کو تیز رفتاری سے چلایا جائے تاکہ عوام کو اسکیم، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور دیگر ضروری مراحل کے بارے میں بروقت معلومات فراہم ہوسکیں۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومتی ادارے، انتظامیہ، عوامی نمائندے اور رضاکار مل کر شہریوں کی رہنمائی کریں تاکہ فیول سبسڈی کا ریلیف حقیقی طور پر ان افراد تک پہنچ سکے جن کے لیے یہ اسکیم شروع کی گئی ہے۔

editor

Related Articles