سائنس فکشن سے حقیقت تک، اے آئی کیلئے کِل سوئچ کا منصوبہ سامنے آگیا

سائنس فکشن سے حقیقت تک، اے آئی کیلئے کِل سوئچ کا منصوبہ سامنے آگیا

مصنوعی ذہانت کو ضرورت پڑنے پر بند کرنے یا اس کی خطرناک صلاحیتوں کو محدود کرنے کا تصور اب صرف سائنس فکشن تک محدود نہیں رہا، بلکہ امریکا میں اس حوالے سے باقاعدہ قانون سازی کی تجویز سامنے آگئی ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان میں دو طرفہ حمایت رکھنے والا اے آئی کِل سوئچ ایکٹ‘ پیش کیا گیا ہے، جس کا مقصد طاقتور ترین اے آئی نظام تیار کرنے والی کمپنیوں کے لیے ایسا تکنیکی طریقہ رکھنا ہے جس کے ذریعے ضرورت پڑنے پر ان کے نظام کو محدود، معطل یا مکمل طور پر بند کیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹیکنالوجی کی دوڑ یا انسانی خطرہ؟ اے آئی کی رفتار پر نئی بحث چھڑ گئی

یہ بل ڈیموکریٹ نمائندے ٹیڈ لیو اور ریپبلکن نمائندے نیتھنیئل موران نے پیش کیا ہے۔ مجوزہ قانون میں اے آئی کو بند کرنے کے لیے کسی بڑے سرخ بٹن کی بات نہیں کی گئی، بلکہ عملی طور پر اس کا مطلب کسی اے آئی ماڈل کو چلنے سے روکنا، مخصوص صلاحیتوں کو غیر فعال کرنا، صارفین کی رسائی ختم کرنا یا کسی مکمل اے آئی نظام کی تنصیب کو بند کرنا ہوسکتا ہے۔

بل کے تحت مخصوص ہنگامی حالات میں امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کو بھی اختیار دینے کی تجویز ہے کہ اگر کوئی اے آئی نظام بڑے پیمانے پر تباہ کن نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہو تو اس پر مرحلہ وار سخت پابندیاں عائد کی جاسکیں۔ مجوزہ قانون میں اے آئی تیار کرنے والی کمپنیوں کے لیے بعض سنگین واقعات کی رپورٹنگ اور متعلقہ ریکارڈ محفوظ رکھنے کی شرائط بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اے آئی سے بات کرتے ہوئے یہ 5 غلطیاں نہ کریں، ماہرین نے خبردار کردیا

اے آئی کی بڑھتی ہوئی خود مختاری اور جدید ماڈلز سے متعلق حالیہ خدشات کے بعد امریکا میں اس معاملے پر بحث تیز ہوئی ہے۔ کانگریس میں ایسے طاقتور اے آئی ماڈلز کی مزید سخت جانچ پر بھی غور کیا جارہا ہے، بالخصوص سائبر حملوں، حیاتیاتی خطرات اور جوہری سلامتی سے متعلق ممکنہ خطرات کے حوالے سے۔

تاہم اے آئی کے لیے ’کِل سوئچ‘ بنانا خود ایک مشکل تکنیکی مسئلہ ہے۔ اگر کسی طاقتور اے آئی ماڈل کی متعدد نقول تیار ہوجائیں، اسے مختلف جگہوں پر تقسیم کردیا جائے یا اصل کمپنی کے بنیادی نظام سے باہر چلایا جائے تو اس کی ہر نقل کو بیک وقت بند کرنا کہیں زیادہ مشکل ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گیس سلنڈر کی جدید ٹیکنالوجی، باقی گیس دیکھنا ہوگیا آسان

ماہرین کے نزدیک اصل سوال صرف یہ نہیں کہ اے آئی کو بند کرنے کا طریقہ موجود ہو، بلکہ یہ بھی ہے کہ کیا انسان مستقبل میں اس کے تمام اہم ورژنز اور نقول پر حقیقی کنٹرول برقرار رکھ سکیں گے۔

فی الحال یہ قانون صرف ایک مجوزہ بل ہے اور ہر اے آئی نظام پر اس کی پابندی عائد نہیں ہوئی۔ تاہم امریکی کانگریس میں اے آئی کو ضرورت پڑنے پر بند کرنے کے طریقہ کار پر باقاعدہ قانون سازی کی بحث اس بات کی علامت ہے کہ جدید اے آئی کی حفاظت اور انسانی کنٹرول کا معاملہ کس تیزی سے اہم ہوتا جارہا ہے۔

editor

Related Articles