بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے لندن کے معروف ویمبلی اسٹیڈیم میں استاد نصرت فتح علی خان کو منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
دلجیت دوسانجھ نے 12 ستمبر کو اپنے آورا ورلڈ ٹور 2026 کے سلسلے میں ویمبلی اسٹیڈیم میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران استاد نصرت فتح علی خان کی مقبول قوالی ’سانسوں کی مالا‘ گنگنائی۔
اس موقع پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے اپنے موبائل فونز کی فلیش لائٹس روشن کردیں، جس سے پورا اسٹیڈیم روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ دلجیت کی جانب سے نصرت فتح علی خان کو خراج تحسین پیش کرنے کے اس انداز کو مداحوں نے بے حد پسند کیا۔
نصرت فتح علی خان نے ’سانسوں کی مالا‘ پہلی مرتبہ 1979 میں بھارت کے اپنے پہلے دورے کے دوران براہ راست پیش کی تھی۔ اس موقع پر معروف بھارتی اداکار اور فلم ساز راج کپور نے انہیں اپنے بیٹے رشی کپور کی شادی میں پرفارم کرنے کے لیے مدعو کیا تھا۔
تقریباً کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود نصرت فتح علی خان کی آواز اور قوالیاں آج بھی سرحدوں سے آگے لوگوں کو متاثر کر رہی ہیں۔ دلجیت دوسانجھ کی جانب سے ویمبلی اسٹیڈیم جیسے بڑے عالمی مقام پر ان کی قوالی پیش کرنا بھی اسی موسیقی کے اثر اور مقبولیت کی ایک مثال بن گیا۔
کنسرٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین نے دلجیت دوسانجھ کے انتخاب کو سراہا اور نصرت فتح علی خان کی موسیقی کو یاد کرتے ہوئے مختلف تبصرے کیے۔