اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، شہریوں کیلئے اہم الرٹ

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، شہریوں کیلئے اہم الرٹ

 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا تاہم شہری علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد بالائی پنجاب خیبرپختونخوا گلگت بلتستان کشمیر اور پوٹھوہار کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ پوٹھوہار کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

راولپنڈی اسلام آباد میں ہونے والی بارش کے دوران مختلف علاقوں میں نمایاں مقدار میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق سیدپور میں 15 ملی میٹر، گولڑہ میں 36 ملی میٹر اور بوکرہ میں 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

اسی طرح پیرودھائی میں 34 ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں 36 ملی میٹر جبکہ شمس آباد میں 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ بعض سڑکوں اور گلیوں میں شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ واسا راولپنڈی نے بارش کے پیش نظر ہائی الرٹ برقرار رکھتے ہوئے عملے اور بھاری مشینری کو مختلف مقامات پر تعینات رکھا ہے۔

واساحکام کے مطابق نالہ لئی کے اطراف اور نشیبی علاقوں میں عملہ تعینات ہے جبکہ پانی کی سطح اور برساتی نالوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ نکاسی آب کے لیے ہیوی مشینری بھی الرٹ رکھی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:کلٹس گاڑی خریدنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، بنک کی نئی آفر آ گئی

راولپنڈی میں نالہ لئی اور اس سے منسلک برساتی نالوں کی صورتحال خاص طور پر اہم ہے۔ رواں مون سون میں شدید بارشوں کے دوران نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور انتظامیہ واسا ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو ہائی الرٹ کیا جاچکا ہے۔

اسلام آباد میں بھی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ برقرار ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو برساتی نالوں، ندی نالوں اور پانی جمع ہونے والے مقامات سے دور رہنے اور غیرضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی جاتی رہی ہے۔

ادھر کھاریاں میں بھی علی الصبح ہونے والی بارش نے موسم کا رنگ بدل دیا۔ شدید گرمی اور حبس کے بعد بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم سہانا ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بھی اسلام آباد، راولپنڈی اور پوٹھوہار کے خطے میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ شہریوں کو خصوصاً نشیبی علاقوں، برساتی نالوں اور بجلی کی تنصیبات کے قریب غیرضروری نقل و حرکت سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔

انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے ممکنہ شہری سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری اور امدادی ٹیمیں تیار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران احتیاط کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ امدادی اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles