ڈیولز کیٹامریکی ریاست مینیسوٹا میں واقع ل دنیا کے ان حیران کن آبشاروں میں شمار ہوتا ہے جہاں پانی کا ایک حصہ بظاہر زمین کی گہرائیوں میں غائب ہوجاتا ہے۔ یہ آبشار جج سی آر میگنی اسٹیٹ پارک میں دریائے برول پر واقع ہے۔
یہاں دریا کا پانی ایک بڑی چٹان سے ٹکرا کر دو حصوں میں تقسیم ہوجاتا ہے۔ مشرقی جانب بہنے والا پانی تقریباً 50 فٹ نیچے گرتا ہے اور دوبارہ دریا میں شامل ہوجاتا ہے، لیکن مغربی جانب جانے والا پانی ایک گہرے پتھریلے سوراخ میں گرتا ہے۔
دور سے دیکھنے پر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پانی کسی اتھاہ گہرائی میں جا کر ہمیشہ کے لیے غائب ہوجاتا ہے۔ یہی منظر کئی دہائیوں تک سائنسدانوں اور ماہرین ارضیات کے لیے ایک دلچسپ معمہ بنا رہا۔ عام طور پر جب پانی کسی زیر زمین راستے یا گہرے سوراخ میں داخل ہوتا ہے تو اس کا راستہ کسی دوسری ندی، جھیل یا دریا تک پہنچتا ہے۔ تاہم ڈیولز کیٹل میں یہ معلوم کرنا انتہائی مشکل تھا کہ سوراخ میں گرنے والا پانی آخر جاتا کہاں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایک استاد کا تجسس رنگ لے آیا،حیران کن دریافت کر دالی
اس معمے کو حل کرنے کے لیے کئی تجربات بھی کیے گئے۔ محققین نے سوراخ میں مختلف اقسام کے رنگ، پلاسٹک کی گیندیں اور دیگر اشیا ڈال کر یہ معلوم کرنے کی کوشش کی کہ وہ پانی کے ساتھ بہہ کر کہاں نکلتی ہیں۔ لیکن حیرت انگیز طور پر ان تجربات میں ڈالی جانے والی اشیا دوبارہ کسی واضح مقام پر نظر نہیں آئیں، جس سے یہ خیال مزید مضبوط ہوگیا کہ شاید پانی واقعی کسی گہری زیر زمین دنیا میں غائب ہورہا ہے۔
بعد میں مینیسوٹا کے محکمۂ قدرتی وسائل کے ہائیڈرولوجسٹس نے پانی کے بہاؤ اور مقدار کی جدید سائنسی پیمائش کی۔ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ پانی حقیقت میں غائب نہیں ہوتا۔
سائنسدانوں کے مطابق سوراخ میں جانے والا پانی زیر زمین راستے سے صرف چند فٹ نیچے سفر کرنے کے بعد دوبارہ اسی دریائے برول میں شامل ہوجاتا ہے۔ یعنی بظاہر پراسرار نظر آنے والا یہ عمل دراصل زمین کے اندر موجود ایک قدرتی راستے کی وجہ سے ہوتا ہے۔
جہاں تک پلاسٹک کی گیندوں اور دیگر اشیا کے غائب ہونے کا تعلق ہے، ماہرین کا خیال ہے کہ سوراخ کے اندر پانی کا دباؤ اور تیز بہاؤ ان اشیا کو نقصان پہنچا سکتا ہے، جس کے باعث وہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوکر پانی میں بکھر جاتی ہیں اور دوبارہ سطح پر نمایاں نہیں ہوتیں۔
یوں ڈیولز کیٹل کا راز کسی جادوئی یا لامحدود گڑھے کا نہیں بلکہ زیر زمین پانی کے بہاؤ اور قدرتی چٹانی ساخت کا ایک دلچسپ مظہر ہے، جو آج بھی دیکھنے والوں کو حیران کردیتا ہے۔


