امریکہ میں غیرملکی طلبہ کے امیگریشن نظام میں بڑی تبدیلی نافذ ہوگئی ہے جس کے تحت ایف ون ویزا پر آنے والے طلبہ کیلئے Duration of Status کا نظام ختم کرکے مقررہ مدتِ قیام کا نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے حتمی ضابطے کے مطابق 15 ستمبر 2026 سے ایف ون طلبہ کو امریکہ میں غیر معینہ مدت تک پروگرام کی حیثیت برقرار رکھنے کی بنیاد پر قیام کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ انہیں ایک مقررہ مدت کیلئے داخلہ دیا جائے گا۔ نئے نظام کے تحت ایف ون طلبہ کو عمومی طور پر ان کے فارم آئی ٹوئنٹی میں درج تعلیمی پروگرام کی مدت تک قیام کی اجازت ہوگی، تاہم یہ مدت زیادہ سے زیادہ چار سال ہوگی۔
نئے ضابطے کے تحت اگر کسی طالب علم کا تعلیمی پروگرام چار سال سے زیادہ عرصے پر مشتمل ہے یا کسی وجہ سے طالب علم کو مقررہ مدت سے زیادہ امریکہ میں قیام کرنا پڑتا ہے تو اسے مقررہ مدت ختم ہونے سے پہلے قیام میں توسیع کیلئے متعلقہ امیگریشن طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا یا امریکہ سے روانہ ہوکر دوبارہ داخلے کیلئے درخواست دینا ہوگی۔
نئے نظام میں طلبہ کو اپنے تعلیمی پروگرام کے آغاز سے قبل امریکہ پہنچنے کیلئے پہلے کی طرح 30 دن پہلے داخلے کی اجازت ہوگی۔ یہ اضافی 30 دن زیادہ سے زیادہ چار سال کی تعلیمی مدت میں شمار نہیں ہوں گے پروگرام مکمل ہونے کے بعد ایف ون طلبہ کو ملک چھوڑنے کی تیاری کیلئے مزید 30 دن دیے جائیں گے۔
اس تبدیلی کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ طلبہ کے امریکہ میں قانونی قیام کی مدت اب ان کے پروگرام اور مقررہ اختتامی تاریخ سے زیادہ واضح طور پر منسلک ہوگی۔ اس سے پہلے ایف ون طلبہ عموماً Duration of Status کے تحت اس وقت تک امریکہ میں رہ سکتے تھے جب تک وہ اپنی تعلیمی حیثیت برقرار رکھتے، مکمل وقت تعلیم حاصل کرتے اور ویزا کی شرائط پر عمل کرتے رہتے تھے۔
نئے نظام کے تحت ایسے طلبہ جنہیں اپنا موجودہ تعلیمی پروگرام مکمل کرنے کیلئے اضافی وقت درکار ہو، انہیں اپنی مقررہ مدت ختم ہونے سے پہلے توسیع کیلئے درخواست دینا ہوگی۔ اسی طرح اگر کوئی طالب علم نیا تعلیمی پروگرام شروع کرنا چاہتا ہے یا تعلیم مکمل کرنے کے بعد اختیاری عملی تربیت یعنی او پی ٹی یا اسٹیم او پی ٹی کیلئے مزید قیام کا خواہشمند ہے تو اسے نئے قواعد کے تحت اضافی امیگریشن اقدامات مکمل کرنا ہوں گے۔
امیگریشن ماہرین کے مطابق نئے نظام سے غیرملکی طلبہ کیلئے مقررہ مدت اور امیگریشن حیثیت کی نگرانی پہلے کے مقابلے میں زیادہ اہم ہوجائے گی۔ مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد مناسب توسیع یا قانونی اقدام نہ کرنے کی صورت میں طالب علم کیلئے غیر قانونی قیام کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
یہ تبدیلی صرف ایف ون طلبہ تک محدود نہیں ہے۔ امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے اسی حتمی ضابطے کے تحت جے ون ایکسچینج وزٹرز اور آئی ویزا رکھنے والے غیرملکی میڈیا نمائندوں کیلئے بھی مدتِ حیثیت کے موجودہ نظام کو مقررہ مدتِ داخلہ سے تبدیل کیا ہے۔ ایف اور جے کیٹیگریز کیلئے مقررہ مدت عمومی طور پر زیادہ سے زیادہ چار سال تک ہوگی۔
نئے ضابطے کے تحت امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے والے غیرملکی طلبہ کو اب اپنے فارم آئی ٹوئنٹی پروگرام کی اختتامی تاریخ اور اپنی امیگریشن حیثیت پر پہلے سے زیادہ توجہ دینا ہوگی خاص طور پر ان طلبہ کیلئے یہ تبدیلی اہم ہے جو اپنی تعلیم میں توسیع، پروگرام کی تبدیلی یا او پی ٹی اور اسٹیم او پی ٹی کے ذریعے امریکہ میں قیام جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔