مہنگے پیٹرول سے پریشان عوام کیلئے پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں نئی انٹری ہونیوالی ہے جہاں معروف چینی آٹو برانڈ Geely ملک میں ایک ساتھ 3 نئی SUVs متعارف کرانے جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہاں خاص بات یہ ہے کہ ان ایس یو ویز میں 2 مکمل الیکٹرک گاڑیاں جبکہ ایک ہائبرڈ ہوگی، تاہم کمپنی نے فی الحال ان گاڑیوں کے نام، قیمتیں اور مکمل فیچرز ظاہر نہیں کیے۔
بیسٹ وے آٹوموٹیو کے گروپ مینجنگ ڈائریکٹر محمد عرفان انور شیخ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران Geely کے پاکستان میں ابتدائی منصوبوں سے متعلق اہم تفصیلات بتائیں۔
یہ کمپنی پاکستان میں Geely Auto کا باقاعدہ نمائندہ اور مجاز ڈسٹری بیوٹر ہے ، کمپنی ابتدائی مرحلے میں یہ SUVs Completely Built Units (CBUs) کی صورت میں درآمد کرے گی۔
2 الیکٹرک، ایک ہائبرڈ ، پاکستانی صارفین کیلئے کیا نیا ہوگا؟
Geely پاکستان میں اپنی ابتدائی لائن اپ کو مکمل طور پر نیوانرجی ایس یو ویز تک محدود رکھے گی۔ منصوبے کے مطابق 3 گاڑیوں میں سے 2 مکمل الیکٹرک ہوں گی، جبکہ تیسری SUV ہائبرڈ پاور ٹرین کے ساتھ آئے گی۔
فی الحال Geely نے ان تینوں ماڈلز کے نام، تکنیکی خصوصیات یا قیمتوں کا اعلان نہیں کیا تاہم پاکستانی صارفین کیلئے یہ پیش رفت اس لیے اہم ہے کہ ملک کی آٹو مارکیٹ میں الیکٹرک اور ہائبرڈ SUVs کی طلب میں دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
مزید یہ کہ Geely گاڑیوں کی بکنگ 2026 کے اختتام سے پہلے شروع ہونے کی توقع ہے۔ اس اعلان کے بعد صارفین کی نظریں اب ان ماڈلز، قیمتوں اور رینج سے متعلق تفصیلات پر ہیں۔
Geely کا بڑا منصوبہ
Bestway Automotive صرف گاڑیاں درآمد کرنے تک محدود رہنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ کمپنی نے پاکستان میں Geely گاڑیوں کی مقامی اسمبلنگ کی بھی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔
اس مقصد کیلئے کمپنی نے حال ہی میں ایک موجودہ CKD مینوفیکچرنگ پلانٹ حاصل کیا ہے، جسے مستقبل میں Geely گاڑیوں کی مقامی اسمبلنگ کیلئے استعمال کرنے کا منصوبہ ہے۔
یعنی پاکستان میں Geely کا سفر ابتدائی طور پر درآمد شدہ گاڑیوں سے شروع ہوگا، لیکن آگے چل کر کمپنی مقامی پیداوار اور اسمبلنگ کی جانب بڑھ سکتی ہے۔ اس تبدیلی سے مستقبل میں گاڑیوں کی دستیابی، قیمتوں اور مقامی آٹو انڈسٹری پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے۔
پروٹون صارفین کیلئے بھی اہم پیش رفت
محمد عرفان انور شیخ نےبیسٹ وے گروپ کی پاکستان میں طویل مدتی سرمایہ کاری کا ذکرکرتے بتایا کہ بیسٹ وے نے زیرِ التوا Proton ریفنڈز کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے انتظار کرنے والے صارفین کو رقم واپس کی۔ ان کے مطابق یہ رقم صارفین کو خیرسگالی کے طور پر واپس کی گئی، جبکہ پروٹون کی سہولت سے متعلق حکومت کے واجب الادا ٹیکس بھی کمپنی نے ادا کیے۔
Geely کے ساتھ شراکت داری گروپ کی پاکستان میں طویل مدتی سرمایہ کاری کی حکمت عملی کا حصہ ہے، بیسٹ وے کا مقامی کاروباری تجربہ اور Geely کی ٹیکنالوجی، سیفٹی اور عالمی صلاحیتیں مل کر پاکستان میں ایک نئی آٹو موٹیو پیشکش سامنے لائیں گی۔
اب اصل توجہ Geely کی ان تین SUVs پر ہے ، کون سے ماڈلز پاکستان آئیں گے، ان کی قیمت کیا ہوگی اور الیکٹرک گاڑیوں کی رینج کتنی ہوگی؟ ان سوالات کے جواب کمپنی کی باضابطہ لانچ کے قریب سامنے آنے کی توقع ہے۔