10 روپے کے کرنسی نوٹ کی بندش اور اسے تبدیل کرانے کی آخری تاریخ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اہم وضاحت جاری کردی۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ 10 روپے کے بینک نوٹ کو بند کرنے یا اسے تبدیل کرانے کی کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔
ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا پر 10 روپے کے نوٹ کی مبینہ بندش سے متعلق پھیلائی جانے والی اطلاعات حقیقت کے منافی ہیں اور عوام کو ایسی خبروں پر اعتماد نہیں کرنا چاہیے۔
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ نئے ڈیزائن اور سیریز کے بینک نوٹ متعارف کرانے کی تجویز پیش کی گئی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا،ترجمان کے مطابق نئے بینک نوٹوں کی تجویز اس وقت وفاقی کابینہ کے سامنے زیر غور ہے اور معاملہ ابھی فیصلہ سازی کے مرحلے میں ہے۔
اسٹیٹ بینک نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اس وقت کسی بھی مالیت کے موجودہ کرنسی نوٹ کو بند یا تبدیل کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا،اس لیے 10 روپے کے نوٹ رکھنے والے شہریوں کو اسے فوری طور پر بینک سے تبدیل کرانے یا مقررہ تاریخ سے پہلے خرچ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اگر مستقبل میں کسی کرنسی نوٹ کو تبدیل کرنے یا گردش سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا تو عوام کو اس بارے میں باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
ایسی صورت میں پرانے نوٹ تبدیل کرانے کے لیے شہریوں کو مناسب وقت بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ کسی کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اسٹیٹ بینک نے عوام سے کہا ہے کہ کرنسی نوٹوں کی بندش، تبدیلی یا آخری تاریخ سے متعلق معلومات کے لیے صرف مرکزی بینک کے سرکاری ذرائع پر انحصار کیا جائے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے غیر مصدقہ پیغامات اور پوسٹس کو آگے پھیلانے سے گریز کیا جائے تاکہ شہریوں میں غیر ضروری تشویش پیدا نہ ہو۔