ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں، پاکستانی آبادی کو نشانہ بنانے کا جواب دس گنا شدت سے دیا جائے گا،ثمرہارون بلور

ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں، پاکستانی آبادی کو نشانہ بنانے کا جواب دس گنا شدت سے دیا جائے گا،ثمرہارون بلور

گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے قریبی ساتھی حادی پتنگ نے صوبے میں سرکاری تبادلوں، تعیناتیوں اور مختلف سرکاری کاموں کے لیے مبینہ طور پر کروڑوں روپے وصول کیے، جبکہ اس مقصد کے لیے باقاعدہ ریٹ لسٹ بھی مقرر کر رکھی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے بعد حادی پتنگ ملک سے فرار ہوگئے ہیں اور ان کی واپسی کے لیے قانونی رابطے کیے جا رہے ہیں۔

 نجی ٹی وی  سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ حادی پتنگ نے سرکاری معاملات میں مبینہ طور پر اپنا الگ نظام قائم کر رکھا تھا، جہاں تبادلوں، پوسٹنگز اور دیگر سرکاری کاموں کے لیے مخصوص نرخ مقرر تھے  اس مبینہ نظام کے ذریعے اربوں روپے کمائے گئے اور خیبرپختونخوا کے انتظامی معاملات کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

حادی پتنگ کی واپسی کے لیے انٹرپول سے رابطہ

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ مبینہ مالی بدعنوانی کے بعد حادی پتنگ بیرون ملک فرار ہوگئے، جن کی واپسی کے لیے متعلقہ ملک کی حکومت اور انٹرپول سے رابطے کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مبینہ طور پر منتقل کی گئی دولت واپس لانے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبے میں سرکاری افسران کے تبادلے انتہائی مختصر وقفوں سے کیے جاتے رہے اور بعض اوقات صرف دو ہفتے بعد ہی افسران کو تبدیل کردیا جاتا تھا۔ ان کے مطابق ہر تبادلے کے عوض مبینہ طور پر کروڑوں روپے وصول کیے گئے، جس سے صوبائی انتظامی ڈھانچہ متاثر ہوا۔

جامعات، اسپتالوں اور بلدیاتی اداروں کے پاس تنخواہوں کے پیسے نہیں

مشیر اطلاعات نے خیبرپختونخوا کی مالی اور انتظامی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز)، جامعات اور اسپتالوں کے پاس ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کے لیے مطلوبہ فنڈز موجود نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نرسنگ اسٹاف اور جامعات کے پروفیسرز کی تنخواہوں کے لیے بھی وسائل کی کمی کا سامنا ہے، جبکہ صحت، مائننگ اور دیگر سرکاری محکموں میں مختلف نوعیت کی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ صوبے کے ہر محکمے کے معاملات کی تحقیقات ہونی چاہئیں اور متعلقہ محکموں کے مشیر اپنی تحقیقات مکمل کرکے نتائج عوام کے سامنے پیش کریں۔ ان کے مطابق تحقیقات کی تکمیل کے بعد بے ضابطگیوں اور بدعنوانی میں ملوث پائے جانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، دس گنا جواب دینے کا اعلان

قومی سلامتی کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستانی آبادی کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کارروائی کا جواب دس گنا زیادہ شدت سے دیا جائے گا،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت یا شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

editor

Related Articles