وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول 3 روپے 40 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 76 پیسے فی لیٹر سستا کردیا، جس کے بعد دونوں مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقرر کردہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 377 روپے 91 پیسے سے کم کرکے 374 روپے 51 پیسے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 402 روپے 96 پیسے سے کم ہوکر 395 روپے 20 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری بحران کے باعث حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کررہی ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رکھی جاتی ہیں۔
اس سے قبل 30 اکتوبر کو وفاقی حکومت نے 31 اکتوبر سے 2 نومبر تک تین روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کیا تھا۔ اس دوران پیٹرول کی قیمت 377 روپے 91 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 29 پیسے اضافہ کرکے اسے 402 روپے 96 پیسے فی لیٹر کردیا گیا تھا۔
فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں 31 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ کیا جاچکا ہے، جبکہ اسی عرصے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 27 مرتبہ کمی اور 45 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔