وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور پرانے انتظامی ڈھانچے کے باعث مزید صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو صوبائی حیثیت دینا بھی ناگزیر ہوچکا ہے۔
یہ بات انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر و وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین اور پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام، اسلام آباد کو صوبائی حیثیت دینے، وفاقی دارالحکومت میں صوبائی اسمبلی کے قیام اور شہری و دیہی علاقوں کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کی آبادی میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے لیکن انتظامی ڈھانچہ بدستور پرانا ہے، جس کے باعث عوام کو مؤثر سہولیات کی فراہمی اور دور دراز علاقوں کے مسائل کا بروقت حل مشکل ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے مزید صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام ضروری ہے۔
سید محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں کی بڑی آبادی کو آج بھی متعدد بنیادی سہولیات کے مسائل کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی اپنی صوبائی اسمبلی ہونی چاہیے جہاں عوام کے منتخب نمائندے مقامی مسائل کے حل کیلئے قانون سازی اور تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھا سکیں۔
چوہدری سالک حسین نے اسلام آباد سمیت ملک میں مزید صوبوں کے قیام کیلئے پاکستان مسلم لیگ کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں افراد پر مشتمل صوبوں کا انتظام مؤثر انداز میں چلانا مشکل ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق صوبوں کی تعداد میں اضافے سے انتظامیہ عوام کے قریب آئے گی، وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوگی اور دور دراز علاقوں کو زیادہ توجہ مل سکے گی۔
ڈاکٹر محمد امجد نے بھی اسلام آباد کو صوبائی حیثیت دینے اور ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی صوبائی اسمبلی قائم ہونے سے شہریوں کو اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے مقامی مسائل اٹھانے اور ان کے حل کیلئے قانون سازی کا موقع ملے گا۔
ملاقات کے دوران چوہدری سالک حسین اور ڈاکٹر محمد امجد نے وفاقی دارالحکومت میں وزیر داخلہ کی نگرانی میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کو بھی سراہا اور کہا کہ اسلام آباد کو صوبائی حیثیت ملنے کی صورت میں تعمیر و ترقی کا عمل مزید آگے بڑھ سکتا ہے۔