گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرائے 7 فیصد بڑھانے کا اعلان

گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرائے 7 فیصد بڑھانے کا اعلان

مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے ایک اور بری خبر آگئی جہاں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے  بڑھانے کا اعلان کردیا ،  ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز کے اس فیصلے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے 7 فیصد بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

ملک شہزاد اعوان کے مطابق گزشتہ 7 روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 26 روپے 88 پیسے اضافہ ہوا، جبکہ اسی عرصے میں پیٹرول کی قیمت بھی فی لیٹر 20 روپے بڑھائی گئی۔

 ٹرانسپورٹرز کا مؤقف

ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافے نے گڈز ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھا دیے ہیں،  اسی وجہ سے ٹرانسپورٹ کے کرائے میں 7 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا کی تیل سپلائی خطرے میں؟ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ

گڈز ٹرانسپورٹ ملک بھر میں اشیائے ضروریہ اور دیگر سامان ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ، ایسے میں کرایوں میں اضافے کا براہِ راست اثر سامان کی ترسیل کی لاگت پر پڑ سکتا ہے۔

اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہونے کا خدشہ

گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھنے کے بعد عوام کو ایک اور ممکنہ مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، ٹرانسپورٹ لاگت میں اضافے کے باعث مختلف اشیاء کی قیمتوں پر بھی دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے، بالخصوص روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی ترسیل مہنگی ہونے سے مارکیٹ میں قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ تاہم اس اضافے کا حتمی اثر مختلف اشیاء اور مارکیٹ کے حالات پر منحصر ہوگا۔

عوام پر مہنگائی کا نیا دباؤ؟

ایک طرف ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ شہریوں کے اخراجات بڑھا رہا ہے، تو دوسری جانب گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے سے کاروباری لاگت بھی بڑھ سکتی ہے ، اب  دیکھنا یہ ہوگا کہ 7 فیصد اضافے کے بعد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کتنا اثر پڑتا ہے اور آنے والے دنوں میں مارکیٹ میں اس کے کیا نتائج سامنے آتے ہیں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ 

 خیال رہے کہ گزشتہ رات حکومت نے اگلے ایک روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا ہے ، اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 43 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 47 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  پیٹرول کی نئی قیمت 390 روپے 79 پیسے مقرر کی گئی ہے اور ڈیزل کی نئی قیمت 424 روپے 92 پیسے ہوگی۔

پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ اوگرا نے حکومتی پیٹرولیم پرائسنگ مکینزم کے تحت 18 ستمبر کے لیے قیمتوں میں رد و بدل کردیا ہے۔

editor

Related Articles