سورج کو مکمل ڈھانپ لے گا چاند، 2027 کے تاریخی گرہن کی تفصیلات سامنے آگئیں

سورج کو مکمل ڈھانپ لے گا چاند، 2027 کے تاریخی گرہن کی تفصیلات سامنے آگئیں

آسمان پر ایک ایسا فلکیاتی منظر سجنے والا ہے جس کا دنیا بھر میں شوق سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ 2 اگست 2027 کو 21ویں صدی کا طویل ترین مکمل سورج گرہن رونما ہوگا، جس کے دوران دنیا کے کئی علاقوں میں دن کے وقت چند منٹ کے لیے رات جیسی تاریکی چھا جائے گی۔

پاکستان میں بھی اس سورج گرہن کا مشاہدہ کیا جاسکے گا، تاہم یہاں یہ جزوی سورج گرہن ہوگا، یعنی چاند سورج کو مکمل طور پر نہیں ڈھانپے گا۔ فلکیاتی حسابات کے مطابق مکمل گرہن کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ تقریباً 6 منٹ 23 سیکنڈ تک ہوسکتا ہے۔ اس دوران چاند سورج کی پوری قرص کے سامنے آجائے گا اور مکمل گرہن والے علاقوں میں سورج کی روشنی عارضی طور پر مدھم پڑ جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:جعلی تصاویر کا توڑ، ایپل نے آئی فون 18 پرو میں نیا فیچر متعارف کرا دیا

کن ممالک میں مکمل سورج گرہن دیکھا جائے گا؟

اس تاریخی سورج گرہن کا راستہ بحر اوقیانوس سے شروع ہوگا اور اسپین، شمالی مراکش، شمالی الجزائر، شمالی تیونس، شمال مشرقی لیبیا، مصر، سوڈان، سعودی عرب، یمن اور صومالیہ کے بعض علاقوں سے گزرتا ہوا بحر ہند میں چاغوس جزائر کے قریب اختتام پذیر ہوگا۔مصر کو اس فلکیاتی منظر کے اہم مقامات میں شمار کیا جارہا ہے، جہاں بعض علاقوں میں مکمل گرہن تقریباً 6 منٹ 19 سیکنڈ تک جاری رہ سکتا ہے۔

اسپین کے ملاگا، کیڈیز اور طریفا، مراکش کے طنجہ، الجزائر کے وھران، تیونس کے صفاقس، لیبیا کے بن غازی اور سعودی عرب کے جدہ سمیت کئی مقامات پر مکمل سورج گرہن دیکھا جاسکے گا۔ مکہ مکرمہ میں مکمل گرہن کا دورانیہ تقریباً 5 منٹ 10 سیکنڈ رہنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خلا کا وہ سیارہ جہاں پانی نہیں شیشے کی بارش ہوتی ہے

پاکستان میں سورج گرہن کب ہوگا؟

پاکستان میں 2 اگست 2027 کو سورج گرہن تقریباً دوپہر 2 بج کر 43 منٹ پر شروع ہونے اور شام 4 بج کر 51 منٹ تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد میں گرہن تقریباً 3 بج کر 14 منٹ پر شروع ہوگا، 3 بج کر 47 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا اور تقریباً 4 بج کر 19 منٹ پر ختم ہوجائے گا۔ کراچی میں سورج گرہن تقریباً 3 بجے شروع ہوکر 4 بج کر 48 منٹ تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

سورج کا کتنا حصہ چھپ جائے گا؟

اسپیس ڈاٹ کام کے مطابق مختلف شہروں میں سورج کا مختلف حصہ چاند کے پیچھے چھپ جائے گا۔ میڈرڈ میں سورج کا تقریباً 86 فیصد، رباط میں 98 فیصد، جبکہ الجزائر اور طرابلس میں تقریباً 99.9 فیصد حصہ ڈھک جائے گا۔ قاہرہ میں سورج کا تقریباً 95 فیصد حصہ چاند کے پیچھے چھپنے کی توقع ہے۔

مکمل سورج گرہن کے دوران کیا ہوتا ہے؟

مکمل سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین اور سورج کے درمیان آجاتا ہے اور سورج کی پوری قرص کو عارضی طور پر ڈھانپ لیتا ہے۔اس دوران مکمل گرہن والے علاقوں میں دن کے وقت آسمان غیر معمولی طور پر تاریک ہوجاتا ہے۔ سورج کی بیرونی فضا، جسے کورونا کہا جاتا ہے، بھی نمایاں ہوسکتی ہے۔

یعنی 2 اگست 2027 کو آسمان پر چند منٹ کے لیے ایسا منظر دیکھنے کو ملے گا جس میں دن کے وقت رات کا گمان ہوگا، جبکہ پاکستان میں بھی لوگ اس فلکیاتی واقعے کا جزوی مشاہدہ کرسکیں گے۔

editor

Related Articles