پشاور: چیف خطیب خیبر پختونخوا و کوآرڈینیٹر پیغامِ امن کمیٹی حکومت خیبر پختونخوا مولانا محمد طیب قریشی نے کوہاٹ میں مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مولانا محمد طیب قریشی نےاپنے بیان میں کہا کہ وہ دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے،لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو شفائے کاملہ نصیب فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ اور نہتے نمازیوں پر حملہ درندگی کی انتہا ہے۔ عبادت گاہوں اور مساجد کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں۔
چیف خطیب خیبر پختونخوا نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی مذہب عبادت گاہوں پر حملے کی اجازت نہیں دیتا، جبکہ کوئی مسلمان مسجد پر حملے کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔
مولانا محمد طیب قریشی نے کہا کہ پاکستان میں فتنہ اور فساد پھیلانے والے، ان کے بقول، اسرائیل اور مودی کے ایجنٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پولیس، پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی وقت میں سعودی عرب اور پاکستان کو نشانہ بنانا، ان کے بقول، دشمن کی سازش ہے اور وقت آگیا ہے کہ پوری امت اتحاد کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کرے۔
مولانا محمد طیب قریشی نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں پر یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے اور پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا دشمن پوری قوم کا دشمن ہے اور ملک کے دفاع کے لیے پوری قوم ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔