حکومت نے سکولوں کے اساتذہ پر بڑی پابندی لگا دی

حکومت نے سکولوں کے اساتذہ پر بڑی پابندی لگا دی

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تدریسی عمل کے دوران اساتذہ کے موبائل فون کے غیر ضروری استعمال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کلاس روم میں موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق دورانِ تدریس موبائل فون کے استعمال سے تعلیمی عمل متاثر ہونے کے ساتھ طلبہ کی توجہ بھی بٹ سکتی ہے، اس لیے اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کلاس روم میں تدریسی اوقات کے دوران موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے مکمل گریز کیا جائے۔

محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ حقیقی سرکاری ضرورت یا کسی ہنگامی صورتحال میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم معمول کے دوران موبائل فون کے غیر ضروری استعمال کو قواعد کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کے لندن سفر کے اخراجات کتنے نکلے؟ اہم دستاویز سامنے آگئی

جاری ہدایات کے تحت اسکول سربراہان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اداروں میں اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ تدریسی عمل کی نگرانی کے لیے انتظامی افسران اور متعلقہ حکام کی جانب سے اسکولوں کے دورے اور مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ اساتذہ کی بنیادی ذمہ داری طلبہ کو مؤثر انداز میں تعلیم دینا اور کلاس روم میں تعلیمی ماحول برقرار رکھنا ہے، اس لیے دورانِ تدریس غیر ضروری موبائل استعمال کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

حکام کے مطابق بلا ضرورت موبائل فون استعمال کرنے والے اساتذہ کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسران کو محکمانہ ضوابط کے تحت کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ اقدام پنجاب میں اسکولوں کی نگرانی اور اساتذہ کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جاری وسیع تر انتظامی اقدامات کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے رواں ماہ اسکولوں کی فیلڈ مانیٹرنگ اور انتظامی نگرانی سخت کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تدریسی اوقات میں اپنی تمام توجہ طلبہ کی تعلیم اور کلاس روم سرگرمیوں پر مرکوز رکھیں، جبکہ ہنگامی یا حقیقی سرکاری ضرورت کی صورت میں موبائل فون کے استعمال کی گنجائش برقرار رہے گی

Qaisar Mirza
editor

Related Articles