امریکی ریاست آئیووا کے ایک خاندان نے ایسا منفرد عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے جس پر یقین کرنا بھی مشکل ہے۔ خاندان کی5 نسلوں کے افراد کی سالگرہ ایک ہی تاریخ، 14 ستمبر کو ہوتی ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کردی ہے کہ فریڈ ہارلو اور ان کا خاندان ایک ہی دن پیدا ہونے والی سب سے زیادہ نسلوں کا عالمی ریکارڈ رکھتے ہیں۔ اس خاندان میں فریڈ ہارلو، ان کے دادا ولبر، ان کی والدہ ایڈی، ان کی بیٹی ایما بیل اور ان کے نواسے آرتھر شامل ہیں۔ حیرت انگیز طور پر ان سب کی پیدائش 14 ستمبر کو ہوئی۔
ریکارڈ بننے کا خیال کیسے آیا؟
فریڈ ہارلو کا کہنا ہے کہ خاندان میں اس اتفاق کو ہمیشہ دلچسپ سمجھا جاتا تھا، لیکن کبھی یہ خیال نہیں آیا تھا کہ یہ غیر معمولی اتفاق انہیں عالمی ریکارڈ تک پہنچا سکتا ہے۔ نان کے مطابق بچوں کی پیدائش والدین کے لیے ایک تحفہ ہوتی ہے اور خاندان نے بھی اس اتفاق کو ہمیشہ خوشی کے ساتھ منایا، تاہم عالمی ریکارڈ بننے کے بارے میں انہوں نے کبھی سنجیدگی سے نہیں سوچا تھا۔
خاندان کی بیٹی ایما بیل نے بتایا کہ ان کے بیٹے آرتھر کی پیدائش کے بعد خاندان نے اس منفرد اتفاق کی باضابطہ تصدیق کرانے کا فیصلہ کیا۔
دادی کی خواہش پوری ہوگئی
ایما بیل کے مطابق ان کی دادی اکثر ان سے کہتی تھیں کہ ان کا بیٹا بھی 14 ستمبر کو پیدا ہونا چاہیے۔ ایما کا پہلا بچہ وقت سے پہلے پیدا ہوا تھا، اس لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ اگلی مرتبہ وہ مقررہ تاریخ کے قریب پیدائش کی منصوبہ بندی کریں گی۔
پھر 14 ستمبر 2025 کو ان کے بیٹے آرتھر کی پیدائش بالکل اسی تاریخ پر ہوگئی، جس کے بعد خاندان نے گنیز ورلڈ ریکارڈ سے رابطہ کیا۔ ایما کا کہنا ہے کہ ان کی دادی اس کامیابی پر بے حد خوش اور فخر محسوس کرتیں۔
خاندان کی مشترکہ سالگرہ کا یہ ریکارڈ صرف ایک ہی تاریخ تک محدود نہیں۔ پانچ نسلوں کے افراد کی ترتیب بھی دلچسپ ہے۔ دادا سے شروع ہونے والی نسلوں میں پیدائش کی ترتیب لڑکا، لڑکی، لڑکا، لڑکی اور لڑکا ہے۔ یوں ایک ہی تاریخ پر پیدا ہونے والی پانچ نسلوں نے نہ صرف خاندان کے لیے ایک منفرد روایت قائم کردی بلکہ گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی اپنا نام درج کرا لیا۔