اسلام آباد میں احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی تمام نوعیت کی چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
آئی جی اسلام آباد کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد پولیس میں اتفاقی، استحقاقی اور بیرون ملک جانے کی چھٹیوں سمیت تمام رخصتیں فوری طور پر روک دی گئی ہیں، جبکہ صرف ہنگامی نوعیت کی چھٹی کی اجازت ہوگی۔
حکام کے مطابق چھٹیوں پر پابندی 5 اکتوبر 2026 تک برقرار رہے گی۔ اس دوران پولیس افسران اور اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی اور تعیناتی کی جگہ پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں چھٹی پر موجود تمام افسران اور اہلکاروں کو فوری طور پر اپنی متعلقہ جائے تعیناتی پر رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے تمام متعلقہ افسران کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق چھٹیوں پر پابندی کا مقصد اسلام آباد میں احتجاجی مظاہروں کے دوران سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانا اور پولیس نفری کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔