وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید کیپٹن حمزہ اکرم شہید کے گھر جا کر اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے والد اور بھائی سے ملاقات کی اور ان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، وزیر داخلہ نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے شہید کے والد کے بلند حوصلے اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آپ جیسے عظیم باپ کی بہادری پر فخر کرتی ہے،وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید کیپٹن حمزہ اکرم کی غیر معمولی بہادری اور بلند حوصلہ ہی قوم کی اصل طاقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید نے 7 خوارج کو ہلاک کرکے شجاعت اور بہادری کی ایک مثال قائم کی،محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم سمیت تمام شہدا کے خون کا ایک ایک قطرہ ملک کی سلامتی کی ضمانت ہے، قوم شہید کیپٹن حمزہ اکرم اور ان کے خاندان کی عظیم قربانی کا قرض کبھی ادا نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گے،واضح رہے کہ کیپٹن حمزہ اکرم خوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، ان کی قربانی کو وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم مثال کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔